مصر میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں دلہے کی جانب سے دلہن کو جان بوجھ کر تالاب میں دھکیل دینے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ اس لمحے کو ایک فوٹوگرافر نے کیمرے میں محفوظ کیا جو ایک خاص تصویر لینے کی کوشش کر رہا تھا، مگر دلہے کے اس غیر متوقع رویے نے تقریب کا رنگ بدل دیا۔
حیران کن اور عجیب منظر تھا کہ دلہن اپنے شوہر کے سہارے جھکی ہوتی ہے اور اچانک وہ اسے چھوڑ دیتا ہے، جس سے وہ سیدھی پانی میں جا گرتی ہے۔ دلہن کے چہرے پر صدمے اور بے یقینی کے آثار واضح ہوتے ہیں، جب کہ دولہا تالیاں بجا کر جیسے اپنی ’کامیابی‘ پر خوش ہوتا ہے۔
مغربی دلہنیں گھونگھٹ کیوں نکالتی ہیں؟
اس ویڈیو نے عوام اور ماہرین کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ماہرینِ نفسیات اور تعلقات کے مشیران نے اسے ’غیرذمہ دارانہ‘، ’ذلت آمیز‘ اور ’رشتے کے لیے نقصان دہ‘ عمل قرار دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ حرکت دلہن کی مرضی کے بغیر کی گئی ہو تو یہ نہ صرف بدتمیزی بلکہ بداعتمادی پیدا کرنے والی حرکت ہے۔ دلہن کو اپنے شوہر پر اعتماد کی بنیاد پر سہارا لیا گیا تھا، مگر وہی اعتماد چند لمحوں میں ٹوٹ گیا۔
سوشل میڈیا صارفین بالخصوص خواتین نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیا اور اسے ازدواجی زندگی کے لیے بُرا شگون کہا۔ کچھ نے کہا کہ یہ حرکت رشتے میں طاقت کے عدم توازن اور خواتین کی جذباتی تذلیل کی عکاسی کرتی ہے۔
شادی سے ایک دن قبل دلہن کی اصل عمر معلوم ہونے پر دولہا کا حیرت انگیز ردعمل
ماہرین کا کہنا ہے کہ دلہن کی محنت، تیاری، کپڑے، میک اپ سب کچھ برباد ہو گیا۔ کچھ نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ محض ویوز کے لیے کیا گیا ہو تب بھی یہ ناقابل قبول ہے، کیونکہ اس دن کی خوشیاں اور اعتماد ہمیشہ کے لیے متاثر ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے زور دیا ہے کہ شادی جیسے مقدس موقع پر مذاق یا پرینک کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے، خاص طور پر اگر اس سے دلہن کی عزتِ نفس اور اعتماد مجروح ہو۔
شادی جیسے سنجیدہ موقع پر کسی ایک فریق کی ناپسندیدہ اور توہین آمیز حرکت محض تفریح نہیں، بلکہ رشتے کی بنیاد کو ہلا سکتی ہے۔ اعتماد کا ٹوٹنا رشتوں کی سب سے بڑی شکست ہوتی ہے۔