بھارت دہرادون کے شہریوں نے جمعرات کے روز ایک ایسا منظر دیکھا جسے شاید وہ کبھی نہ بھولیں۔ رسپنا پل پر ایک آموں سے بھرا ٹرک اچانک الٹ گیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا پل آموں سے بھر گیا جیسے کسی میٹھے میلے کا آغاز ہو گیا ہو!

خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن جیسے ہی مقامی لوگوں نے پل پر بکھرے رسیلے آم دیکھے، تو گویا سب پر ایک جنون سوار ہو گیا۔ لوگ تھیلے، ٹوکریاں اور بوریاں لیے دوڑ پڑے اور جس کے ہاتھ جتنا لگا، وہ لے اڑا۔ پورا منظر کسی آموں کی ’فری مارکیٹ“‘ جیسا لگ رہا تھا۔

واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ کس جوش و خروش سے آم سمیٹ رہے ہیں۔ ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’دہرادون کے رسپنا پل پر آموں سے بھرا ٹرک الٹ گیا۔ کوئی زخمی نہیں ہوا، مگر لوگ ایسے آم لوٹنے لگے جیسے کوئی میلہ لگ گیا ہو!‘

روزانہ ایک آم کھانے کے حیران کن فوائد، جلد، دل، وزن اور شوگر سب کے لیے مفید

ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے بھی آنا شروع ہو گئے۔ ایک صارف نے طنزیہ لکھا، ’بھارت کبھی ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا اپنی عوام کی وجہ سے۔‘ ایک اور نے لکھا، ’فری کا مال لینے میں ہم سب ایک جیسے ہیں، نارمل انسان بننے سے ابھی کافی دور ہیں۔‘

تیسرے صارف کا تبصرہ کچھ یوں تھا، ’نہایت گری ہوئی ذہنیت کا شاندار مظاہرہ، اور یہ سب لوگ تو پڑھے لکھے خاندانوں کے لگ رہے ہیں… لیکن وائبز تو بھوکے ننگے والے آ رہے ہیں!‘

آموں کو محفوظ رکھنے کے لیےفریج میں رکھنا چاہیے یا باہر چھوڑ دینا چاہیے؟

تاہم کچھ لوگوں نے واقعے کو ہلکے پھلکے انداز میں لیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’انسانیت کا تقاضا تھا کہ آم اکٹھے کر کے مالک کے حوالے کیے جاتے۔‘ ایک اور نے مزاحیہ انداز میں لکھا، ’ایسا میں نے ترقی یافتہ ممالک میں بھی دیکھا ہے… کوا ہر جگہ کالا ہی ہوتا ہے!‘

تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک کو بحال کرایا اور پل کو صاف کروایا۔

More

Comments
1000 characters