امریکی کمپنی کا سی ای او کنسرٹ کے دوران اپنی ملازمہ کیساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ویڈیو وائرل
امریکی کمپنی Astronomer کے سی ای او اینڈی بائرن اس وقت ایک بڑے اسکینڈل کی زد میں آ چکے ہیں، جب کولڈ پلے کے کنسرٹ کے دوران وہ اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر اپنی کمپنی کی ہیومن ریسورسز چیف کرسٹن کیبوٹ کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
اس لمحے کو بینڈ کے گلوکار کرس مارٹن نے ایک مذاق میں بدلنے کی کوشش کی اور کہا، ’یا تو ان کا افیئر ہے یا یہ بہت شرمیلے ہیں‘، جب کیمرہ ان پر آیا تو دونوں نے جھک کر چہرے چھپانے کی کوشش کی، اور بس، سوشل میڈیا نے باقی کام کر دکھایا۔
ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ صارفین نے جوڑے کی شناخت کر لی۔ جیسے ہی ان کے عہدوں اور ازدواجی حیثیت کا انکشاف ہوا، سوشل میڈیا پر طوفان آ گیا۔ خاص طور پر تب، جب اینڈی بائرن کی بیوی نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ بند کر دیا اور بائرن نے لنکڈ اِن پر تبصرے بند کر دیے۔
قصور ڈانس پارٹی اسکینڈل: لاہور ہائیکورٹ نے ڈی پی او کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا
یہ واقعہ صرف ایک ذاتی لمحہ نہیں رہا بلکہ اب کمپنی کی ساکھ، قیادت اور ثقافت پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ کیونکہ کرسٹن کیبوٹ ہی کمپنی کے اندرونی کلچر اور اخلاقیات کی نگران تھیں، اس لیے ان کا اس طرح خبروں کی زینت بننا ادارے کے لیے دوہرا جھٹکا بن گیا ہے۔
دوسری جانب، کمپنی کے موجودہ اور سابق ملازمین اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے۔ سوشل میڈیا پر ایک حلقے نے جہاں اس منظر پر تنقید کی، وہیں کئی سابق ملازمین نے اس ویڈیو پر قہقہے لگاتے ردعمل دیے۔ ایک سابق ملازم نے گروپ چیٹ میں لکھا کہ ’ہم سب ہنس رہے ہیں، اُس کے زہریلے رویے کا انجام یہی ہونا تھا!‘ یہ تبصرے اس بات کو تقویت دے رہے ہیں کہ اینڈی بائرن کا رویہ کمپنی کے اندر پہلے ہی متنازع سمجھا جاتا تھا۔
اینڈی بائرن کون ہیں؟ وہ ایک ابھرتی ہوئی امریکی ڈیٹا ٹیکنالوجی کمپنی Astronomer کے سی ای او ہیں، جو Apache Airflow جیسے ڈیٹا انجینئرنگ ٹولز کے استعمال کو آسان بنانے کے لیے مشہور ہے۔ انہوں نے کمپنی کو سرمایہ کاری اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا، لیکن اب وہ خود ہی کمپنی کی بدنامی کا باعث بن گئے ہیں۔
نئے نمبر پلیٹ کا حصول: رجسٹریشن آفس ہفتے اور اتوار کو بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ
کارپوریٹ دنیا میں اس قسم کے اسکینڈلز کا اثر صرف ذاتی نہیں بلکہ معاشی بھی ہوتا ہے۔ ایسٹرونومر جیسی اسٹارٹ اپ کمپنیوں کے لیے، جہاں اعتماد اور اخلاقی قیادت بنیادی ستون ہوتے ہیں، وہاں سی ای او کا ایسا تنازع میں آنا کمپنی کی ساکھ، سرمایہ کاروں کے اعتماد، اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
فی الحال اینڈی بائرن یا کمپنی کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، لیکن سوشل میڈیا پر ایک جعلی معذرت نامہ بھی وائرل ہو رہا ہے جسے کئی لوگ اصلی سمجھ بیٹھے ہیں۔ دوسری طرف، ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور ایکس (ٹوئٹر) پر میمز کی بھرمار ہے، اور کئی صارفین کے مطابق، یہ کنسرٹ اب کولڈ پلے کے گانوں سے زیادہ اس اسکینڈل کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔