روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والے چنے صرف ذائقے میں لذیذ ہی نہیں بلکہ صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہیں۔ جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ روزانہ صرف ایک کپ چنے کھانے سے نہ صرف کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے بلکہ جسم میں موجود سوزش بھی کم ہو جاتی ہے۔
سائنسدانوں کی تحقیق کیا کہتی ہے؟
امریکی سوسائٹی برائے غذائیت (ASN) کے سالانہ اجلاس میں پیش کی گئی ایک نئی تحقیق کے مطابق، صرف ایک کپ چنے یا لال لوبیا روزانہ خوراک میں شامل کرنے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تحقیق شکاگو میں الینوائے انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے کی۔
12 ہفتے کا تجربہ اور حیران کن نتائج
اس تحقیق میں ذیابیطس سے پہلے کی حالت میں مبتلا 72 افراد کو شامل کیا گیا۔ انہیں روزانہ ایک کپ چنے، لال لوبیا یا سفید چاول کھلائے گئے۔ 12 ہفتوں کے بعد نتائج نے ماہرین کو حیران کر دیا۔ چنے کھانے والے گروپ کے شرکاء کا کولیسٹرول 200 سے کم ہو کر 186 ہو گیا۔
پروٹین سے بھرے لنچ کو آزمائیں جس کی تیاری آسان بھی اور وقت کی بچت بھی
اگرچہ 14 درجے کی کمی معمولی لگ سکتی ہے، لیکن ماہرین کے مطابق یہ صحت کی بحالی کی اہم علامت ہے۔ کیونکہ طبی لحاظ سے 200 سے کم کولیسٹرول کی سطح کو نارمل تصور کیا جاتا ہے۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ چنے اور لال لوبیا کھانے والوں کے خون میں موجود سوزش کے آثار میں نمایاں کمی آئی۔ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوبیا ایک ایسی غذا ہے جو سستی، آسانی سے دستیاب اور ہر طبقے کی دسترس میں ہے۔
کچھ شرکاء نے ابتدا میں نظامِ ہضم سے متعلق شکایات کیں، لیکن تحقیق کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ ان کی آنتوں نے اس نئی خوراک کو قبول کر لیا۔ یعنی آہستہ آہستہ معدہ بھی اس غذائی تبدیلی سے ہم آہنگ ہو گیا۔
چھوٹا قدم، بڑا فائدہ
اس سوال پر کہ روزانہ ایک کپ چنے یا لوبیا کھانا ممکن اور مناسب ہے؟ غذائی ماہر ایڈیرسنگھے کے مطابق یہ بالکل ممکن اورصحت کے لئے مثبت ہے۔ اگر چنوں میں تھوڑا سا نمک، کالی مرچ یا زیتون کا تیل شامل کر لیا جائے، تو یہ ایک مزیدار اور صحت بخش غذا بن سکتی ہے۔
کالا چنا چاٹ: بچوں بڑوں کو اسنیکس کے طور پردیں
موجودہ غذائی رہنما اصول ہفتے میں ڈیڑھ کپ لوبیا کھانے کی تجویز دیتے ہیں، تاہم یہ تحقیق اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ روزانہ ایک کپ چنے یا لوبیا کھانا بھی آسانی سے ممکن ہے اور صحت کے لیے فائدہ مند بھی۔ تاہم اگر آپ کسی سیریس بیماری یا صحت کی طرف سے طبی معاملات کا شکار ہیں تو نہ صرف یہ غذا بلکہ کوئی بھی غذائی تبدیلی اپنے معالج کے مشورے کے بعد کریں۔
اگر آپ صحت مند زندگی کی طرف قدم بڑھانا چاہتے ہیں تو روزانہ ایک کپ چنے یا لال لوبیا سے شروعات کریں۔ یہ ایک سادہ، کم خرچ اور مؤثر طریقہ ہے جسمانی سوزش اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے کا۔