پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری ایک بار پھر اپنے منفرد انداز میں مداحوں کے دل جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ اس بار وہ کسی ڈرامے یا اسٹیج پر نہیں، بلکہ کینیڈا میں بیٹی کے گھر میں ایک ”دیسی ماں“ کے روپ میں نظر آئیں. ہاتھ میں جھاڑو، بالوں میں رولرز اور چہرے پر محبت بھری مسکراہٹ کے ساتھ۔
بشریٰ انصاری ان دنوں اپنی بیٹی کے گھر کینیڈا کے دورے پر ہیں، جہاں اُن کے ایک نرالا انداز والا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔
رجب بٹ نے پاکستان چھوڑ دیا، وی لاگنگ سے بھی کنارہ کشی کا اعلان
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ روایتی پاکستانی ماؤں کی طرح صفائی میں مصروف ہیں اور ویکیوم کلینر سے غیر مطمئن ہو کر آخرکار اپنا پسندیدہ ”جھاڑو“ ہی اٹھا لیا۔ ساتھ ہی وہ اپنے نواسے نواسیوں کے لیے دیسی کھانے بنانے کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔
ان کی بیٹی ویڈیو بناتے ہوئے ہنسی مذاق سے کہتی ہیں: ”امی! آپ یہاں بھی کام میں لگ گئی ہیں؟ بلایا تھا کہ آرام کریں اور آپ نے تو کچن اور صفائی دونوں سنبھال لیے۔“
پاکستانی فنکاروں کی بین الاقوامی کامیابی، عمران اشرف کی پہلی پنجابی فلم ریلیز کے لیے تیار
بشریٰ انصاری مسکراتے ہوئے جواب دیتی ہیں: ”بیٹیوں کے لیے کیا کچھ نہیں کرنا پڑتا۔ ابھی دوسری بیٹی بھی آ رہی ہیں، اُن کے پسند کے کھانے بھی تیار کرنے ہیں۔“
یہ ویڈیو نہ صرف مزاحیہ ہے بلکہ ہر دیکھنے والے کو اپنی ماں کی یاد دلا دیتی ہے۔ سوشل میڈیا پر مداحوں کا کہنا ہے کہ ”ایک ماں ہمیشہ ماں ہی رہتی ہے“، جبکہ ایک صارف نے لکھا: ”یہی بشریٰ انصاری کا اصل حسن ہے۔ سادگی، محبت اور زندگی سے بھرپور شخصیت۔“
بشریٰ انصاری نہ صرف ایک منجھی ہوئی اداکارہ، گلوکارہ اور میزبان ہیں بلکہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں بھی اتنی ہی محبت، خلوص اور توانائی سے بھرپور ہیں جتنی اسکرین پر نظر آتی ہیں۔ ان کا یہ انداز سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ وہ صرف فن کی ہی نہیں بلکہ دلوں کی بھی ملکہ ہیں۔