دنیا ابھی ’ایسٹرونومر‘ کمپنی کے سی ای او اینڈی بائرن اور چیف پیپل آفیسر کرسٹن کیبوٹ کی وائرل ویڈیو سے سنبھلی ہی نہیں تھی کہ عالمی برانڈز نے اس لمحے کو اشتہاری مہمات کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا۔

بدھ کی رات بوسٹن میں ہونے والے ’کولڈ پلے‘ کنسرٹ کے دوران ایک گیم میں دونوں کی جھلک، جس میں وہ بغل گیر ہو کر مسکرا رہے تھے، نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔ ویڈیو میں ’کولڈ پلے‘ کے مرکزی گلوکار کرس مارٹن نے اس جوڑی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مذاقاً کہا، ’یہ دونوں تو شاید افیئر میں ہیں‘، جس کے بعد انٹرنیٹ پر میمز، تبصرے اور تجزیوں کا سیلاب آ گیا۔

دنیا بھر کی کمپنیوں نے موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مارکیٹنگ کو اس وائرل لمحے سے جوڑ دیا۔ پریمیم پین بنانے والی کمپنی لیمی گلوبل نے دونوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دلچسپ کیپشن لکھا، ’اسے ابھی پتا نہیں، لیکن پیر کو اسے طلاق کے کاغذات پر دستخط کے لیے ایک اچھے پین کی ضرورت ہوگی۔‘

تکیے اور گدے بنانے والی کمپنی ’فریڈو‘ نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اینڈی بائرن ’فریڈو‘ کے کڈل تکیے کو گلے لگا رہے ہیں، اور کیپشن تھا، ’بھائی ہمارے کڈل تکیے سے ہی کام چلا لیتا تو یہ سب شرمندگی نہ اٹھانی پڑتی۔‘

اسی طرح پرائیویٹ جیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’گلوب ائیر‘ نے وائرل ویڈیو کو استعمال کرتے ہوئے ایک اشتہار پیش کیا جس میں لکھا گیا، ’ہم زندگی کے ہر مرحلے میں آپ کا ساتھ دیتے ہیں، چھٹیاں بلا رہی ہیں، بوسٹن سے ہوائی کا فوری فرار۔‘

’ہوٹل اینڈ ریسورٹس ورلڈ وائڈ‘ نے بھی مزاحیہ انداز میں ایک ساحلی ویڈیو شیئر کی جس پر لکھا تھا، ’یہ منظر… اور آپ کی ایچ آرمینیجر۔‘

تاہم، یہ لمحہ ’ایسٹرونومر‘ کمپنی کے لیے ایک اندرونی بحران کی صورت اختیار کر گیا ہے۔

کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اینڈی بائرن اور کرسٹن کیبوٹ دونوں کو عارضی طور پر رخصت پر بھیج دیا گیا ہے اور اس وقت ایک داخلی انکوائری جاری ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ’ایسٹرونومر‘ ان اقدار اور ثقافت کا پابند ہے جن پر اس کی بنیاد رکھی گئی تھی۔’

ذرائع کے مطابق، اینڈی بائرن استعفے دے چکے ہیں۔ جبکہ کمپنی کے شریک بانی اور چیف پراڈکٹ آفیسر پیٹ ڈی جوی نے عارضی طور پر سی ای او کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

اس وائرل ویڈیو سے متعلق پھیلنے والی غلط معلومات کے پیش نظر، کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون، نائب صدر برائے ہیومن ریسورسز، الیسا اسٹوڈارڈ نہیں ہیں۔ اس وضاحت کے باوجود، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تاحال جاری ہیں۔ تاحال نہ اینڈی بائرن اور نہ ہی کرسٹن کیبوٹ نے اس واقعے پر کوئی عوامی تبصرہ کیا ہے۔

More

Comments
1000 characters