پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم ایک بار پھر میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔ لیکن اس بار ان کا نام کرکٹ کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی کے مسائل کے باعث خبروں میں ہے۔
عماد، جو کئی برسوں تک پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے اور حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، اس وقت اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے سخت تنقید کی زد میں ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگیں کہ عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان رشتہ کشیدہ ہو چکا ہے۔ ان قیاس آرائیوں کی بنیاد ثانیہ اشفاق کی ایک انسٹاگرام پوسٹ بنی جس میں انہوں نے اپنے نومولود بیٹے ’زایان‘ کی پیدائش کی خبر دی، مگر حیران کن طور پر اس خوشخبری میں عماد وسیم کا کوئی ذکر موجود نہیں تھا۔
ثانیہ نے اس جذباتی پوسٹ میں لکھا، ’میں نے تمہیں نو ماہ اپنی کوکھ میں تنہا رکھا، اللہ مجھے آگے کے سفر کے لیے طاقت دے زایان‘۔ یہ جملے سوشل میڈیا صارفین کے لیے کافی کچھ کہنے کو چھوڑ گئے۔ متعدد افراد نے تبصروں میں انہیں مبارکباد دینے کے بجائے حوصلہ اور دعاؤں سے نوازا، جس سے ظاہر ہوا کہ مداح اس رشتے میں دراڑ کو محسوس کر چکے ہیں۔
عماد وسیم بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے
مزید برآں، صارفین نے نوٹ کیا کہ ثانیہ اشفاق نے انسٹاگرام پر اپنی پروفائل بایو میں بھی تبدیلی کر دی ہے۔ پہلے وہ خود کو ’عماد وسیم کی بیوی‘ کہتی تھیں، لیکن اب انہوں نے صرف یہ لکھا ہے، ’عنایا عماد اور ریان عماد کی ماما‘۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے اکاؤنٹ سے عماد وسیم کے ساتھ تمام تصاویر بھی ہٹا دی ہیں، جس سے قیاس مزید تقویت پکڑ رہا ہے۔
دوسری جانب عماد وسیم نے اپنے انسٹاگرام پر ابھی تک اہلیہ کے ساتھ موجود تصاویر ڈیلیٹ نہیں کیں اور دونوں ایک دوسرے کو فالو بھی کر رہے ہیں، جس سے یہ واضح نہیں ہو سکا کہ رسمی طور پر علیحدگی ہوئی ہے یا نہیں، لیکن فاصلے کا احساس نمایاں ہے۔
اس تمام صورتحال کے دوران، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی گردش میں ہے جس میں عماد وسیم کو لندن کی ایک گلی میں ایک خاتون کے ساتھ چہل قدمی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اگرچہ ویڈیو میں خاتون کا چہرہ واضح نہیں ہے، لیکن کئی صارفین کا دعویٰ ہے کہ وہ خاتون نائلہ راجہ ہیں، جو کہ ایک مشہور ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں۔ اس ویڈیو نے مزید شکوک و شبہات کو جنم دیا اور عماد وسیم پر بےوفائی کے الزامات کو تقویت دی۔
قومی آل راؤنڈر عماد وسیم کا ولیمہ آج اسلام آباد میں ہوگا
ثانیہ اشفاق کی موجودہ خاموشی اور سوشل میڈیا پر ان کے معنی خیز رویے نے اس تاثر کو مزید گہرا کر دیا ہے کہ شاید دونوں کے درمیان تعلق اب پہلے جیسا نہیں رہا۔ مداحوں کی بڑی تعداد اس وقت ثانیہ اشفاق کے حق میں بول رہی ہے اور ان کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ نے یہاں تک کہا کہ عماد وسیم بھی ان کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جو شہرت کے بعد اپنی ذاتی زندگی کو داؤ پر لگا بیٹھتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ عماد وسیم کا نام کسی تنازعے میں آیا ہو۔ ماضی میں بھی ان پر ایک افغان لڑکی کے ساتھ تعلقات کا الزام لگ چکا ہے، اور ان کی چند تصاویر بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھیں۔ یہ سب واقعات ان کے موجودہ حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔