جب بات ہو تخلیقی ذہن اور فن کارانہ صلاحیتوں کی، تو پرانا سے پرانا سامان بھی کسی شاہکار میں ڈھل سکتا ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے اس بات کو حقیقت بنا دیا، جب ایک باصلاحیت خاتون نے پرانے صوفہ کور کو اس مہارت سے استعمال کیا کہ اس سے ایک ایسا خوبصورت لباس تیار کر لیا، جسے دیکھ کر لوگ حیرت زدہ رہ گئے۔
ریشل ڈیکروز نامی اس خاتون نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ دو پرانے، بھاری صوفہ کورز کو ہاتھ میں اٹھائے کہتی ہیں، ’اگر آپ کو یہ کور یاد ہیں، تو یقیناً آپ کے گھر میں کبھی ایسا صوفہ ضرور رہا ہوگا۔ چونکہ میرے پاس یہ دو کور موجود تھے، تو میں نے سوچا کیوں نہ ان سے ایک ڈریس بنا لیا جائے۔‘
ابتدائی طور پر ان کا ارادہ صرف ایک سادہ ٹیوب ٹاپ بنانے کا تھا، مگر جیسے جیسے کام آگے بڑھا، یہ منصوبہ ایک مکمل فیشن پروجیکٹ میں تبدیل ہو گیا۔ سلائی مشین نے ساتھ نہیں دیا، کپڑا اتنا موٹا تھا کہ عام سلائی سے قابو میں نہیں آ رہا تھا۔ ’مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ کپڑا اتنا بھاری ہوگا،‘ ریشل بتاتی ہیں، ’چاروں کونوں کی سلائی کھولنی پڑی، جو اتنی مضبوط تھی کہ 30 منٹ کا پروجیکٹ پانچ گھنٹوں میں بدل گیا۔‘
لیکن جب نتیجہ سامنے آیا، تو ساری محنت رنگ لے آئی۔ ریشل نے جب تیار شدہ بیک لیس، اسٹائلش ڈریس پہنا اور آئینے میں دیکھا، تو وہ خود بھی حیران رہ گئیں۔
وہ خوشی سے کہہ اٹھیں، ’میں نے یہ تفریحاً کیا تھا، لیکن جتنا اسے دیکھتی ہوں، اتنا ہی زیادہ دل کو بھاتا ہے،‘
ریشل نے اپنے انسٹاگرام کیپشن میں لکھا، ’میں اکثر چیزوں کو دوبارہ کارآمد بناتی ہوں۔ میرے بنائے ہوئے سب کپڑے مجھے عزیز ہوتے ہیں، اگرچہ میرا انداز کچھ لوگوں کو عجیب لگ سکتا ہے، لیکن یہ بھی ٹھیک ہے۔‘
ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔ لاکھوں لوگوں نے اسے دیکھا، اور تعریفوں کا سیلاب آ گیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’کیوں لگ رہا ہے جیسے یہ کوئی ورساچے کا ڈریس ہو؟‘
اداکارہ پارل گلاٹی بھی خود کو روک نہ سکیں اور تبصرہ کیا، ’واہ واہ واہ! یہ خریدوں کہاں سے؟‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، ’ہم سب نے بچپن میں یہ کور دیکھے ہیں، لیکن کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان سے اتنا حسین لباس بھی بن سکتا ہے۔‘