اکثر افراد انجانے میں یا عادتاً انگلیاں چٹخاتے ہیں اور پھر دل میں یہ سوال بھی ابھرتا ہے کہ کہیں اس عادت سے ہڈیوں یا جوڑوں کو نقصان تو نہیں ہو رہا؟
اس بارے میں طویل عرصے سے مختلف آرا پائی جاتی رہی ہیں، لیکن حالیہ سائنسی تحقیق نے اس حوالے سے کئی غلط فہمیوں کا ازالہ کر دیا ہے۔
خواتین مختلف جسمانی درد سے محتاط رہیں، یہ دل کے دورے کی ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں
مانچسٹر یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی جوڑوں کی بیماریوں کی ماہر ڈاکٹر کیمی ہائریچ وضاحت کرتی ہیں کہ انسانی انگلیوں کے جوڑوں میں ایک مخصوص خلا ہوتا ہے، جس کے اندر سیال موجود ہوتا ہے۔ جب ہم انگلیاں چٹخاتے ہیں تو اس خلا میں عارضی وسعت پیدا ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہاں دباؤ کم ہو جاتا ہے۔ اسی دوران گیس کے بلبلے بن کر اچانک پھٹتے ہیں اور یہی ”چٹخانے“ کی آواز پیدا کرتے ہیں۔
بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ انگلیاں چٹخانے سے جوڑوں کو چوٹ پہنچتی ہے یا بعد میں آسٹیو آرتھرائٹس جیسا دردناک مرض لاحق ہو سکتا ہے۔ یہ بیماری جوڑوں کی سوجن، اکڑن اور درد کی سب سے عام شکل ہے، جو عمر بڑھنے کے ساتھ شدت اختیار کر سکتی ہے۔
پانچ حواس کی جادوگری : فرانسیسی خواتین کا وزن کیسے قابو میں رہتا ہے؟
تاہم ڈاکٹر ہائریچ کا کہنا ہے کہ موجودہ سائنسی شواہد کے مطابق انگلیاں چٹخانے اور جوڑوں کی بیماری کے درمیان کوئی براہ راست تعلق ثابت نہیں ہو سکا۔
ڈاکٹر ہائریچ اس سلسلے میں ایک دلچسپ مثال بھی پیش کرتی ہیں۔ ایک امریکی ڈاکٹر نے بچپن میں اپنی ماں کی بات کو غلط ثابت کرنے کے لیے 60 سال تک روزانہ ایک ہاتھ کی انگلیاں چٹخائیں، جبکہ دوسرے ہاتھ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا۔ چھ دہائیوں کے بعد جب دونوں ہاتھوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا تو دونوں میں کوئی فرق نہ پایا گیا۔ نہ ہڈیوں میں اور نہ جوڑوں میں۔
ڈاکٹر ہائریچ وضاحت کرتی ہیں کہ اگر کسی کے جوڑ کے قریب ہڈی ٹوٹ جائے، یا اعصاب کو نقصان پہنچے تو جوڑوں کی بیماریاں ضرور پیدا ہو سکتی ہیں، لیکن صرف انگلیاں چٹخانے سے ایسی کسی چوٹ یا بیماری کا امکان بہت کم ہے۔
ان کے مطابق اگر آپ چاہتے ہیں کہ عمر بھر آپ کے جوڑ مضبوط، فعال اور درد سے محفوظ رہیں، تواپنے لائف اسٹائل کو بہتر بنائیں۔ جسمانی سرگرمی کو باقاعدگی سے اپنا معمول بنائیں، صحت بخش غذا کھائیں، وزن کو متوازن رکھیں اورطویل وقت تک بیٹھنے یا ایک ہی پوزیشن میں رہنے سے گریز کریں
انگلیاں چٹخانے کی عادت عام ضرور ہے، لیکن خطرناک نہیں۔ اگرچہ یہ آواز کچھ لوگوں کو ناگوار محسوس ہو سکتی ہے، مگر سائنسی تحقیق کے مطابق یہ آپ کے جوڑوں کے لیے کسی قسم کا نقصان دہ اثر نہیں رکھتی۔ جب تک کہ کوئی اور چوٹ یا بیماری نہ ہو۔
(نوٹ: یہ مضمون تحقیقاتی معلومات پر مبنی ہے، ذاتی مسائل کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع ضرور کریں۔)