پاکستانی کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر عماد وسیم ان دنوں کرکٹ سے زیادہ اپنی نجی زندگی کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

حال ہی میں ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے نوزائیدہ بچے کی تصویر کے ساتھ لکھا، ”میں نے پچھلے 9 ماہ یہ سب اکیلے برداشت کیا ہے۔“

یہ پیغام وائرل ہوتے ہی کئی مداحوں کو اداس کر گیااور جلد ہی انٹرنیٹ پر قیاس آرائیوں کا طوفان برپا ہو گیا کہ عماد وسیم کی ازدواجی زندگی میں دراڑ آ چکی ہے۔

صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ ہو گئی جب عماد وسیم کی ایک ویڈیو اور تصویر برطانیہ میں ایک خاتون کے ساتھ گردش کرنے لگی، جس میں دونوں کو ساتھ گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔

صارفین نے جلد ہی اندازہ لگا لیا کہ یہ تصویرنائلہ راجہ کی ہے جو پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور ایک پاکستانی انفلوئنسر ہیں۔

کئی دنوں کی خاموشی کے بعد نائلہ راجہ نے آخرکار انسٹاگرام پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے اپنی خاموشی توڑ دی۔ انہوں نے عماد وسیم سے کسی قسم کے تعلق کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا، ”میں عماد، ان کی بیوی اور ان کے خاندان کا احترام کرتی ہوں۔ اگر ان کے درمیان کوئی مسئلہ ہے تو میں اس کی وجہ ہرگز نہیں ہوں۔“

نائلہ کا کہنا تھا کہ انہیں خواتین کی جانب سے سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے خلاف نفرت انگیز تبصرے کیے گئے، حالانکہ وہ خود اس معاملے میں کسی طور شامل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا، ”یہ صرف دو سیکنڈ کی ایک ویڈیو تھی جس میں میں کچھ غلط نہیں تھا، لیکن اب مجھے کسی مرد سے بات کرنے سے پہلے دو بار سوچنا پڑے گا۔“

نائلہ راجہ نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ وہ اپنی شہرت کی بھاری قیمت چکا رہی ہیں۔

”میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، لیکن میری ذات کو جس طرح نشانہ بنایا گیا ہے، اس نے میری نجی زندگی کو متاثر کیا ہے۔“

انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو یا تصویر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جس کے باعث ان کے کردار پر سوالات اٹھائے گئے۔

سوشل میڈیا پر صارفین کا ردعمل ملا جلا رہا۔ کچھ افراد نے نائلہ راجہ کی وضاحت کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، جب کہ دیگر نے اس معاملے پر مزید سوالات اٹھائے۔

مداح اب عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی جانب سے کسی واضح مؤقف کے منتظر ہیں تاکہ سچائی سامنے آ سکے۔

More

Comments
1000 characters