ایک وقت تھا جب تنوشری دتہ کی آواز نے بھارت میں ’می ٹو‘ مہم کو بڑی کامیابی سے چلائی، مگر آج وہی آواز مدد کے لیے پکار رہی ہے، اور شاید سُننے والا کوئی نہیں۔ بالی وڈ میں طاقتور ناموں کے خلاف آواز بلند کرنے والی یہ نڈر اداکارہ اب اپنے ہی گھر میں خوف، تنہائی اور ہراسانی کا شکار ہیں۔ حال ہی میں جاری کیے گئے ایک جذباتی ویڈیو پیغام میں تنوشری دتہ نے مسلسل ہراساں کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔

بالی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے ایک تازہ ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ 2018 میں اپنے ’می ٹو‘ انکشافات کے بعد سے اپنے ہی گھر میں ہراسانی کا شکار ہیں۔ اس ویڈیو میں، جو منگل کی رات سوشل میڈیا پر جاری کی گئی، اداکارہ آبدیدہ نظر آئیں اور کہا کہ وہ اس مسلسل ہراسانی کے خلاف پولیس سے باقاعدہ شکایت درج کرانے جا رہی ہیں۔

تنوشری دتہ نے ویڈیو میں بتایا کہ انہیں گزشتہ چار سے پانچ سال سے اس حد تک پریشان کیا جا رہا ہے کہ ان کی طبیعت خراب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا، ’مجھے میرے ہی گھر میں پریشان کیا جا رہا ہے۔ میں نے ابھی پولیس کو کال کی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ میں اسٹیشن آ کر شکایت درج کرواؤں، غالباً میں کل یہ کروں گی کیونکہ میں ابھی بھی ناساز ہوں۔‘

اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اپنے گھر میں کام کے لیے ملازمہ رکھنے سے قاصر ہیں کیونکہ انہیں شک ہے کہ ان کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت گھریلو ملازمائیں بھیجی گئی تھیں۔ ان کے مطابق، ان ملازماؤں نے چوری اور دیگر مشکوک حرکات انجام دی ہیں، جس کے باعث وہ تمام کام خود کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔

ایک اور ویڈیو میں تنوشری دتہ نے بلند آوازوں اور شور شرابے کی شکایت کی، جو ان کے مطابق 2020 سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان آوازوں کی شکایت وہ بلڈنگ انتظامیہ سے کئی بار کر چکی ہیں، لیکن کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں ہوئی۔

تنوشری دتہ نے مزید کہا کہ ان پر مسلسل ذہنی دباؤ کا اثر ان کی صحت پر پڑا ہے اور وہ ’کرونک فیٹیگ سنڈروم‘ کا شکار ہو گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ذہنی سکون کے لیے وہ ہندو مذہبی منتر پڑھتی ہیں۔

ویڈیو کے آخر میں انہوں نے کہا، ’براہ کرم میری مدد کریں، میں اپنے ہی گھر میں پریشان ہوں۔‘

یاد رہے کہ 2018 میں تنوشری دتہ نے سینئر اداکارنانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد بھارت میں’می ٹو’مہم کا آغاز ہوا۔ انہوں نے مشہور فلمساز وویک اگنی ہوتری پر بھی نازیبا سلوک کا الزام عائد کیا تھا۔ اگرچہ نانا پاٹیکر کو کیس میں کلین چٹ دی گئی، وویک اگنی ہوتری نے الزامات کی تردید کی۔

اداس آنسو بھری آنکھوں، کانپتی آواز اور ٹوٹے الفاظ میں اداکارہ کی فریاد ایک سنگین صورتحال کی عکاسی کررہی ہے۔

More

Comments
1000 characters