سفر صرف منزلوں تک پہنچنے کا نام نہیں، بلکہ راستے میں آنے والے انوکھے، حیران کن اور بعض اوقات مزاحیہ تجربات بھی سیاحت کا ایک اہم حصہ ہوتے ہیں۔ جب کوئی سیاح کسی نئی سرزمین پر قدم رکھتا ہے، تو صرف وہاں کے نظارے ہی نہیں بلکہ مقامی ماحول، رسم و رواج، اور غیر معمولی حالات بھی اس کے سفر کو یادگار بناتے ہیں۔ بعض اوقات ایسا کچھ ہو جاتا ہے جس کی نہ کوئی تیاری کی جا سکتی ہے اور نہ ہی پیش گوئی۔ ایسا ہی ایک انوکھا، اور یادگار لمحہ اُس وقت پیش آیا جب ایک امریکی ولاگر اپنی سیاحت کے دوران بھارتی ریاست تامل ناڈو کے خوبصورت پہاڑی علاقے کوڈائی کانال پہنچا۔
بھارت کا سفر کرنے والے ایک امریکی ولاگر کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا جس کی شاید ہی اس نے کبھی توقع کی ہو۔ سڑک کنارے وہ اپنے سفر کی تھکن اتارنے کو رُکا، لیکن اچانک چند ’ماہر چوروں‘ نے اس پر دھاوا بول دیا، اور یہ چور کوئی اور نہیں، بلکہ مقامی بندروں کا ایک گروہ تھا۔
بھارت میں آموں سے بھرا ٹرک الٹ گیا، شہریوں کی بڑی تعداد لوٹ مار کرنے پہنچ گئی
شرارتی اور چالاک بندروں نے دن دہاڑے اس کی چاکلیٹ کیک اور مالٹے ’چھین‘ لیے، وہ اپنے تمام اسنیکس سے محروم ہو گیا۔ یہ منفرد واقعہ نہ صرف کیمرے کی آنکھ میں قید ہو گیا بلکہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، اور لاکھوں افراد کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ولاگر ایک موٹر سائیکل پر سوار ہے، اور جیسے ہی وہ ایک پہاڑی مقام کوڈائی کانال، تامل ناڈو پر رکتا ہے، بندروں کا ایک گروہ آ دھمکتا ہے۔ پہلے ایک بندر بڑی صفائی سے چاکلیٹ کیک اُچک لیتا ہے، اور باقی مالٹے لے اُڑتے ہیں۔ پیچھے رہ جاتا ہے صرف ایک خالی بیگ… اور حیران و پریشان ولاگر۔
ولاگر نے طنزیہ انداز میں کہا، ’مجھے بھارت میں بندروں نے لوٹ لیا، بھائی! وہ میرے کیک اور مالٹے لے گئے جنہیں میں رات کے لیے بچا کر رکھ رہا تھا۔ اب میں بھوکا ہوں!‘
اس مزاحیہ واقعے نے انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر دھوم مچا دی۔ صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے،
ایک صارف نے لکھا، ’خدا کے ننھے ننھے مخلوق کو بھی تو کھانا چاہیے۔‘ تو دوسرے نے لکھا، ’یہ تو بھارت کا اصل تجربہ ہے، ویلکم۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’شکر کرو انہوں نے بٹوہ نہیں مانگا۔۔۔‘ ایک صارف نے مشورہ دیا، ’جناب، انہیں ہندی گالیاں سمجھ آتی ہیں۔‘
پاکستان سے جنگی شکست کا غصہ بھارت میں مٹھائیوں پر اترنے لگا
بعض صارفین نے اپنی بندروں سے جُڑی یادیں بھی شیئر کیں، ’مجھے بھی ریلوے اسٹیشن پر بندر نے بریانی چھین لی تھی!‘، کسی نے لکھا، ’یہاں بندر صرف کھانا نہیں، موبائل فون بھی اُڑا لے جاتے ہیں۔‘
بندر بھارت کے بہت سے شہروں، خصوصاً سیاحتی علاقوں، میں عام دکھائی دیتے ہیں۔ مقامی لوگ ان کی شرارتوں سے واقف ہوتے ہیں اور احتیاط برتتے ہیں، مگر غیر ملکی سیاح اکثر ان کے انداز و اطوار سے حیرت زدہ ہو جاتے ہیں۔ اور جب ساتھ میں کھانے پینے کی اشیاء ہوں، تو سمجھ لیں بندر بس تاک میں ہیں!
ویڈیو کے آخر میں، ولاگر مسکرا کر کہتا ہے، ’بھارت میں پہلی بار لوٹا گیا… وہ بھی بندروں کے ہاتھوں!‘