وہ ہاتھیوں سے محبت کرتا تھا… ان کی خاموش چال میں اسے فطرت دکھائی دیتی تھی، اور ان کی آنکھوں میں وہ ایک بھروسہ پڑھتا تھا۔ لیکن فطرت و جبلت کا کوئی قانون انسان کے جذبات سے بندھا نہیں ہوتا۔ جنوبی افریقہ کی سرزمین پر، جہاں جنگل اور جانور ہم آہنگی کی علامت ہیں، وہ انسان خود ایک ہاتھی کی بے قابو جبلّت کا شکار بن گیا اور اپنی ہی محبوب مخلوق کے قدموں تلے کچلا گیا۔
جنوبی افریقہ کے ایک اعلیٰ درجے کے گیم ریزرو کے ملٹی ملینئر مالک اور معروف کاروباری شخصیت فرانسوا کرسچین کونراڈی ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ہلاک ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ 22 جولائی کی صبح 8 بجے گونڈوانا پرائیویٹ گیم ریزرو میں پیش آیا، جب وہ سیاحتی لاجز کے قریب موجود ہاتھیوں کے ایک جھنڈ کو محفوظ مقام کی جانب لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ہاتھی کو نہلانے والی سیاح خوفناک موت کا شکار
رپورٹس کے مطابق، اس دوران ایک چھ ٹن وزنی نر ہاتھی اچانک ان پر حملہ آور ہوگیا۔ ہاتھی نے پہلے اپنے نوکیلے دانتوں سے ان پر وار کیا اور پھر انہیں بار بار روند ڈالا۔ قریبی رینجرز کی تمام تر کوششوں کے باوجود، انہیں بچایا نہ جا سکا۔
39 سالہ ایف سی کونراڈی نہ صرف گونڈوانا گیم ریزرو کے مالک تھے بلکہ وہ کیلیکس گروپ نامی اسپورٹس مینجمنٹ کمپنی کے بھی سربراہ تھے۔ وہ جنگلی حیات، خاص طور پر ہاتھیوں سے گہرا لگاؤ رکھتے تھے اور اکثر ذاتی طور پر ان کی تصاویر لینے کے لیے ریزرو کا دورہ کرتے تھے۔ ان کے پاس زولوجی، اینیمل اسٹڈیز، کامرس اور مارکیٹنگ میں آنرز کی ڈگریاں تھیں، اور وہ ایک پرجوش ماہرِ فطرت اور کامیاب کاروباری شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔
ریزرو کے ایک سینئر ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’چونکہ وہ خود مالک تھے، اس لیے تمام عملے کو سختی سے منع کیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے پر کوئی بیان نہ دیں، ورنہ فوراً ملازمت سے نکال دیا جائے گا۔‘ انہوں نے مزید کہا، ’وہ ایک زبردست انسان تھے، ہاتھی ان کے پسندیدہ تھے اور وہ سمجھتے تھے کہ ان کے درمیان ایک اعتماد کا رشتہ قائم ہوچکا ہے، لیکن یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ یہ جنگلی جانور ہیں۔‘
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ گونڈوانا ریزرو میں ایک سال کے اندر ہاتھی کے ہاتھوں ہونے والی دوسری ہلاکت ہے۔ اس سے قبل مارچ 2023 میں، ایک اور ملازم ڈیوڈ کانڈیلا، جو شادی شدہ اور ایک بچے کے باپ تھے، ہاتھیوں کی رہنمائی کے دوران حملے کا شکار ہوکر جاں بحق ہوئے تھے۔ اُس واقعے میں بھی ہاتھی نے انہیں گھسیٹ کر جھاڑیوں میں لے جا کر ہلاک کر دیا تھا، جس میں ایک سابق سرکس ہاتھی ’بونی‘ بھی شامل تھی۔
چار ٹن وزنی ہاتھی نے سپر مارکیٹ پر دھاوا بول دیا، کیک اور انڈے کھاکر چلتا بنا
گونڈوانا پرائیویٹ گیم ریزروایک فائیو اسٹار لگژری سفاری لاج ہے، جہاں دنیا بھر سے سیاح اور مشہور شخصیات’بگ فائیو’یعنی شیر، بھینس، گینڈا، چیتا، اور ہاتھی دیکھنے آتے ہیں۔ واقعے کے وقت ریزرو مکمل طور پر بُک تھا، اور قیاس کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر کچھ سیاحوں نے یہ المناک منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا ہو۔
ایف سی کونراڈی کی اچانک موت نے پوری کمیونٹی کو غم میں مبتلا کردیا ہے، اور ان کی یاد ہمیشہ ان لوگوں کے دلوں میں زندہ رہے گی جو ان کے ساتھ کام کرتے تھے یا جنہوں نے ان کی قیادت سے فائدہ اٹھایا۔