چین کے جنوب مغربی شہر چونگ چنگ کے چڑیا گھر میں جڑواں پانڈاز ”یو کے“ اور ”یو آئی“ کی تیسری سالگرہ دھوم دھام سے منائی گئی۔ اس موقع پر چڑیا گھر کے عملے نے دونوں پانڈاز کے لیے خاص طور پر تیار کردہ مزیدار کھانوں سے بھرپور ضیافت کا اہتمام کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بڑے بھائی یو کے کے لیے ایک دلکش ”سالگرہ کیک“ تیار کیا گیا، جس میں تازہ بانس کے شوٹ، مختلف قسم کے پھل اور ایک خوبصورت کدو کو تاج کی شکل میں تراشا گیا۔

گرم موسم کے پیشِ نظر یہ تمام اشیاء برف سے گھری ہوئی تھیں تاکہ ٹھنڈی اور تازگی بھری رہیں۔ یو کے نے خوش دلی سے اپنی سالگرہ کی ضیافت کا مزہ لیا۔

دوسری جانب، چھوٹی بہن یو آئی جو اس وقت آنکھ کے علاج کے سلسلے میں چڑیا گھر کے ایک حصے میں آرام کر رہی ہے، کے لیے بھی خصوصی طور پر مزیدار پھلوں کا کیک اور رنگ برنگی پھلوں کی سیخیں تیار کی گئیں۔ یو آئی نے بھی اپنے حصے کے لذیذ تحفے کو خوشی سے کھایا۔

یو کے اور یو آئی کی پیدائش 22 جولائی 2022 کو چونگ چنگ چڑیا گھر میں ہوئی تھی اور ان کے نام ایک آن لائن مہم کے ذریعے رکھے گئے تھے۔

اب یہ دونوں جڑواں پانڈاز صحتمند اور تیزی سے پروان چڑھ رہے ہیں، اور اپنی معصوم حرکتوں سے سیاحوں کو بے حد محظوظ کر رہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters