جدید ٹیکنالوجی کی دنیا ہر دن ایک نیا حیران کن منظر دکھا رہی ہے، اور دبئی اس دوڑ میں سب سے آگے ہے۔ ایک ویڈیو جس میں ایک انسان نما روبوٹ دبئی کی سڑک پار کرتا دکھائی دیتا ہے، سوشل میڈیا پر دھوم مچا چکی ہے۔ کچھ لوگ اس منظر کو مستقبل کی ایک جھلک قرار دے رہے ہیں، تو کچھ اسے مذاق کا رنگ دے کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
دبئی کے امارات ٹاور کے قریب ایک انسان نما روبوٹ کو دوڑتے ہوئے سڑک عبور کرتے دیکھا گیا، جسے ایک کار کے اندر سے فلمایا گیا۔ روبوٹ کے پیچھے ایک شخص چل رہا ہے جسے اس کا آپریٹر سمجھا جا رہا ہے۔ اس ویڈیو کو نازش خان نامی صارف نے ’Welcome to the future‘ کے کیپشن کے ساتھ انسٹاگرام پر شیئر کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا صارفین بھلا اپنے کمنٹس اور تبصروں سے کیسے دور رہتے، ایک صارف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’یہ اے آئی نہیں، یہ دبئی ہے، جہاں مستقبل ہمارے درمیان چلتا ہے!‘
ایک اور صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’دبئی واقعی کبھی حیران کرنا نہیں بھولتا۔‘
جبکہ کچھ صارفین نے مزاحیہ انداز اپنایا، ’کہیں نوکری ڈھونڈنے جا رہا ہے؟ یا واش روم کی جلدی ہے؟‘۔ ایک اورصارف نے لکھا، ’اس گرمی میں کوئی بھی نہ ٹھہرے، بھاگ میرے لال‘۔
انسان نما روبوٹس کیا ہوتے ہیں؟
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی NVIDIA کے مطابق، انسان نما روبوٹ ایسے دو پاؤں والے مشینی انسان ہیں جو انسانی شکل و حرکات کی نقل کرتے ہیں۔ یہ روبوٹس عام انسانوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں اور مختلف قسم کے کام جیسے کہ چیزوں کو اٹھانا، پیکنگ، لوڈنگ اور حتیٰ کہ مخصوص مشینری کو سنبھالنا بھی سیکھ سکتے ہیں۔
خوفناک لمحہ، جب روبوٹ ہو جائے بےقابو
جہاں ایک ویڈیو نے دلچسپی اور ہنسی پیدا کی، وہیں دوسری ویڈیو نے خوف کی فضا قائم کر دی۔ اس ویڈیو میں ایک روبوٹ کو کرین سے لٹکایا گیا ہے جو اچانک اپنے بازو اور ٹانگیں تیزی سے ہلانے لگتا ہے۔ منظر کو دیکھتے دو افراد پہلے حیران، پھر خوفزدہ نظر آتے ہیں۔ کچھ ہی دیر بعد وہ روبوٹ نیچے گر کر فرش پر گھسٹنے لگتا ہے، جس سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا ایسی مشینیں محفوظ بھی ہیں یا نہیں؟
Comments are closed on this story.