ہماری مانگیں پوری کرو!۔۔۔ ورکرز کی ہڑتال پر بھارت میں فلم کی شوٹنگ بند، مطالبات کیا ہیں؟
تلگو فلم انڈسٹری ایمپلائز فیڈریشن نے آج سے انڈسٹری کی سطح پر غیرمعینہ مدت تک مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں تمام فلموں ، ویب سیریز اور دیگر پروڈکشنزکی شوٹنگز اچانک بند ہو گئی ہے۔ یہ فیصلہ انڈسٹری کی پروڈکشن لائن پر گہرا اثر ڈالے گا، خاص طور پر ان پروجیکٹس پر جو تکمیل کے قریب ہیں یا جن کی ریلیز جلد متوقع ہے۔
معروف ویب سائٹ ”گلتے“ کی رپورٹ کے مطابق، اس ہڑتال کی اصل وجہ ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کا پرانا مطالبہ ہے۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ متعدد مذاکرات اور درخواستوں کے باوجود پروڈیوسرز اور متعلقہ فریقین نے یہ مطالبہ تسلیم نہیں کیا، جس کے بعد یہ قدم اٹھانا ناگزیر ہو گیا۔
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو فلم ’جوان‘ میں شاندار اداکاری پر پہلا نیشنل فلم ایوارڈ مل گیا
اتوار کو فیڈریشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، ”کل سے تمام شوٹنگز بند ہوں گی، اور صرف انہی پروڈیوسرز کی شوٹنگ میں شامل ہوں گے جو ہماری تنخواہ میں 30 فیصد اضافے کی شرط کو تسلیم کریں گے۔“
یہ ہڑتال نہ صرف بڑے بجٹ کی فلموں بلکہ درمیانے اور کم بجٹ کی پروڈکشنز، ویب سیریز، اور او ٹی ٹی شوز کو بھی متاثر کرے گی۔ حیدرآباد میں ہونے والی دیگر زبانوں کی فلموں کی شوٹنگز بھی متاثر ہو سکتی ہیں، کیونکہ تلگو کریو ممبرز کی بڑی تعداد مختلف پروجیکٹس کا حصہ ہوتی ہے۔
سارہ علی خان کا بوائے فرینڈ کس مشہور خاندان کا باصلاحیت بیٹا ہے؟
فیڈریشن کے مطابق، اب صرف ان ہی پروڈیوسرز کے سیٹ پر کام کیا جائے گا جو 30 فیصد تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کو قبول کریں گے۔
یہ فیصلہ پروڈکشن ہاؤسز، فنانسرز اور ریلیز شیڈول پر کام کرنے والی ٹیموں کے لیے شدید دباؤ کا باعث بن رہا ہے۔
تلگو فلم پروڈیوسرز کونسل نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے چند روز میں مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکل آئے گا تاکہ انڈسٹری کو طویل تعطل سے بچایا جا سکے۔
فی الحال ہڑتال کے خاتمے کا کوئی واضح امکان نظر نہیں آ رہا اور انڈسٹری کے متعدد بڑے پروجیکٹس متاثر ہو چکے ہیں۔