پاکستان کے معروف اداکار، ہدایتکار، اور پروڈیوسر نبیل ظفر نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بلوں کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نبیل ظفر کا کہنا ہے کہ مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اب وہ ناقابلِ برداشت ہوچکی ہے اور بجلی کے بل کو دیکھ کر کسی کو بھی ہارٹ اٹیک آسکتا ہے۔
نبیل ظفر حال ہی میں سنو ٹی وی کے پروگرام ’سنو تو سہی‘ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنے ذاتی تجربات اور ملکی مسائل پر کھل کر گفتگو کی۔ ایک سوال کے جواب میں نبیل ظفر نے بتایا کہ وہ اپنے والدین کی کمی کو اپنی زندگی میں شدت سے محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کا انتقال ان کی جوانی کے دوران ہو گیا تھا اور اس کے بعد ان کی والدہ کے ساتھ ان کا رشتہ مزید گہرا ہو گیا تھا۔
’بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو ہر پاکستانی سپاہی بن جائے گا‘، نبیل ظفر
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں رشتے انسان کی زندگی کا ایک بہت اہم حصہ ہوتے ہیں اور ان کی قدر انسان اس وقت تک نہیں کرتا جب تک وہ زندگی سے رخصت نہ ہو جائیں۔ نبیل ظفر نے افسوس کا اظہار کیا کہ والد کے انتقال کے بعد ہی انہیں یہ سمجھ آیا کہ والدین کی وفات کے بعد انسان کو کیا احساسات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وہ یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب تک ان کے والد زندہ تھے، وہ جب بھی کسی کے والد یا والدہ کی وفات کی خبر سنتے، تو دل سے یہی کہتے کہ ’بہت دکھ ہوا‘، لیکن جب یہ بات خود ان کے ساتھ پیش آئی تو ان الفاظ کا درد اور گہرائی محسوس ہوئی۔
نبیل ظفر نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے حالات میں وہ اکثر اپنے چھوٹے بھائی سے یہ مذاق کرتے ہیں کہ ان کے اندر شاید ان کے والد کی روح آ گئی ہے۔ جب وہ گھر میں کسی اضافی لائٹ یا پنکھے کو کھلا دیکھتے ہیں، تو فوراً یہی کہتے ہیں کہ ’او بھائی، اسے بند کرو، بل بہت آئے گا‘۔
نبیل ظفر کی بھارتی میڈیا پر منافقت اور غیر منصفانہ کھیل کا الزام
اداکار نے کہا کہ بڑھتے ہوئے بجلی کے بلوں کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا ہے اور کئی بار تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی کو بھی ان بلوں کو دیکھ کر دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ ان حالات سے بچنے کے لیے انہوں نے اپنے گھر میں سولر سسٹم نصب کروا لیا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں کبھی کبھار بادلوں کی وجہ سے سولر پینل کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے تو وہ دل ہی دل میں بادلوں سے یہ کہتے ہیں کہ ’یا تو برس پڑو یا کراچی سے چلے جاؤ، تمہاری وجہ سے ہمارا سولر کام نہیں کر رہا‘۔
اداکار نے آخر میں کہا کہ موجودہ حالات میں مہنگائی اور توانائی کے بحران نے لوگوں کی زندگیوں کو مشکل بنا دیا ہے، اور ان کے لیے ان مسائل کا حل نکالنا ضروری ہے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔