خطرہ مول لینے کا شوق اور سنسنی خیز مناظر قید کرنے کا جنون بعض اوقات انسان کو ایسے موڑ پر لے آتا ہے جہاں ایک لمحہ زندگی اور موت کے درمیان حد فاصل بن جاتا ہے۔ گجرات کے بھاونگر میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ بھی کچھ ایسا ہی ہے، جہاں ایک نوجوان نے شیر کے قریب جا کر ویڈیو بنانے کی جسارت کی، ایسا عمل جو صرف بے وقوفی نہیں بلکہ جنگلی حیات سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔
ایک حیران کن اور خطرناک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک نوجوان اپنی جان خطرے میں ڈال کر شیر کے شکار کے قریب ویڈیو بناتا نظر آ رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر اپنے شکار میں مصروف ہے، جب اچانک ایک شخص ہاتھ میں موبائل لے کر خطرناک حد تک اس کے قریب چلا جاتا ہے تاکہ ویڈیو یا تصویر بنا سکے۔ ابتدائی طور پر شیر اپنی خوراک پر توجہ مرکوز رکھتا ہے، مگر جیسے ہی اس کی نظر اس بے باک انسان پر پڑتی ہے، وہ غرا کر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتا ہے اور اس کی طرف بڑھتا ہے۔
پس منظر میں لوگوں کی چیخ و پکار سنائی دیتی ہے، جو واضح کرتی ہے کہ موقع پر کئی افراد موجود تھے جو خود اس واقعے کی وڈیو بنا رہے تھے۔ شیر کی دھاڑ اور اس کے حملہ آور ہونے کے آثار نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ خوش قسمتی سے وہ شخص پیچھے ہٹتے ہوئے شیر سے بچ نکلا، لیکن اس غیرذمہ دارانہ حرکت پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
The lion was happily eating its prey when this young man reached near the lion to take photos. At which the lion showed some displeasure. The video is from Bhavnagar, Gujarat. pic.twitter.com/YMISw1hMNo
— RAGHUWANSHI ? (@Ranjeetraghu_) August 4, 2025
ویڈیو کے ساتھ شیئر کی گئی کیپشن میں لکھا تھا، ’شیر اپنے شکار میں مصروف تھا جب یہ نوجوان اس کے قریب جا پہنچا۔ شیر نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ یہ ویڈیو گجرات کے بھاونگر کی ہے۔‘
سوشل میڈیا پر اس حرکت کو ’غیر دانشمندانہ‘ اور ’بے وقوفی کی انتہا‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا، ’خوش نصیب ہے کہ اس نے شیر کی طرف پیٹھ نہیں کی، ورنہ کہانی کچھ اور ہوتی!‘
دوسرے نے تبصرہ کیا، ’شیر اسے چیر پھاڑ سکتا تھا، مگر اس نے رحم کا مظاہرہ کیا۔‘
ایک اور نے کہا، ’ایسے لوگوں پر جرمانہ عائد ہونا چاہیے اور انہیں جنگلی علاقوں میں جانے سے روکا جانا چاہیے۔‘
کسی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’اگر شیر حملہ کرتا تو شاید بعد میں اُسے مار دیا جاتا – انسان کی بے وقوفی کی قیمت جنگلی جانور کو چکانی پڑتی!‘
ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا، ’سب کچھ کیمرے میں قید کرنے کی یہ ضد سمجھ سے بالاتر ہے، کچھ ہو جاتا تو حکومت کو کوستے۔‘
یہ واقعہ ایک واضح پیغام دیتا ہے کہ جنگلی حیات کے ساتھ فاصلہ رکھنا نہ صرف انسانی جانوں کے لیے ضروری ہے بلکہ خود جانوروں کے تحفظ کے لیے بھی۔ ایک لمحے کی غیرذمہ داری ایک بڑی سانحہ کا سبب بن سکتی ہے۔
فطرت کا احترام کیجیے، سنسنی کے پیچھے جان مت دیجیے!