مقبول سوشل میڈیا سنسیشن اور پاکستانی انٹرٹینر چاہت فتح علی خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں خود کو پاکستان کا ’نمبر 1‘ گلوکار قرار دیا۔ انہوں نے عاطف اسلم کو دوسرے نمبر اور راحت فتح علی خان کو تیسرے نمبر پر رکھا۔ جس پر پاکستانی موسیقی کے مداحوں نے سخت ردعمل دیا۔
چاہت فتح علی خان، جو اپنی منفرد انداز اور مزاحیہ مواد کی وجہ سے ایک خاص طبقے میں مقبول ہیں، نے اپنے حالیہ دعوے سے پھر سے آن لائن بحث کو جنم دیا ہے یہ ثابت کرتے ہوئے کہ چاہے لوگ ان سے محبت کریں، ان کا مذاق اُڑائیں یا طنز کریں، ان کی باتوں پر بات کرنا بند ہی نہیں کرتے۔
چاہت فتح علی خان کی بولنگ وائرل، جوانی یاد آگئی
انہوں نے کہا،”عاطف اسلم اچھے ہیں۔ وہ ایک نئی اور منفرد آواز کے طور پر منظر عام پر آئے۔ اگرچہ ان کا آغاز کچھ خاص نہیں تھا، لیکن اب وہ بہت اچھا کر رہے ہیں۔ لوگ نئے گلوکار سننا چاہتے ہیں، اس لیے عاطف اسلم پاکستان میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ پہلے نمبر پر ہم چاہت فتح علی خان (میں خود) ہوں۔ میں راحت فتح علی خان کو تیسرے نمبر پر رکھوں گا، وہ بھی بہت اچھے ہیں۔ چاہت فتح علی خان لاہور سے ہمیشہ نمبرون پر رہیں گے۔“
چاہت فتح علی خان کے اس خود ساختہ درجہ بندی والے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید طنز و مزاح کا مظاہرہ کیا۔
بھارتی گلوکار پاکستانی فنکاروں سے بہتر ہیں، چاہت فتح علی خان نے دل کی بات کہہ دی
ایک صارف نے لکھا: ”عاطف اسلم، ہمیں یہ سن کر شرمندگی ہو رہی ہے۔“
ایک اور نے کہا: ”یہ جان بوجھ کر پاگل بن کر بات کرتے ہیں، اصل میں ہوشیار ہیں، صرف خبروں میں آنے کے لیے ایسی باتیں کرتے ہیں“
بہت سے لوگوں نے طنز کرتے ہوئے کہا: ”آپ واقعی پہلے نمبر پر ہیں… لیکن پچھلے نمبر سے!“
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا: ”عاطف اسلم کونے میں بیٹھ کر رو رہے ہوں گے یہ بیان سن کر۔“
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی وہ راحت فتح علی خان سے موازنہ کرکے خبروں میں رہے، جس پر عوامی سطح پر ان کا خوب مذاق اُڑایا گیا۔ مزید برآں، ان پر نصرت فتح علی خان کے نام کو غلط استعمال کرنے اور ہراسانی کے الزامات بھی لگ چکے ہیں۔
چاہت فتح علی خان نے اپنی وائرل ویڈیو ’بدو بدی‘ سے شہرت حاصل کی، جو لیجنڈری مادام نور جہاں کے کلاسک ’اکھ لڑی بدو بدی‘ کا مزاحیہ انداز میں پیش کردہ ورژن ہے۔
ان کا منفرد انداز عالمی سطح پر مقبول ہوا اور بے شمار میمز، ریمکس اور ایڈٹس کی صورت میں سوشل میڈیا پر چرچا پایا۔ چاہت کی مزاحیہ موسیقی نے انہیں ایک منفرد مقام دیا ہے۔