ابھرتی ہوئی پاکستانی اداکارہ حنا چوہدری اپنی محبت اور شادی کے حوالے سے ایک دلچسپ اور فلمی کہانی رکھتی ہیں۔
وہ اس وقت اپنے شوہر علی کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں، جو نہ صرف اُن کے قریبی دوست بلکہ ماضی میں ان کے استاد بھی رہ چکے ہیں۔ دونوں کی ایک تین سالہ بیٹی بھی ہے جو ان کی زندگی کی رونق ہے۔
حنا چوہدری نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی، خاص طور پر اپنی لو اسٹوری سب کے ساتھ شیئر کی۔
انہوں نے بتایا،”ہم ہمسائے تھے، میرے دادا اور علی کے والد آپس میں دوست تھے۔ ہم ایک دوسرے کو نام سے جانتے تھے، مگر کبھی زیادہ بات چیت نہیں ہوئی۔ ہماری فیملیز اس معاملے میں شامل نہیں تھیں۔“
انہوں نے مزید کہا، ”میں نے علی کو پہلی بار یونیورسٹی میں دیکھا، جہاں وہ بطور فیکلٹی کام کر رہے تھے۔ اس وقت بھی ہم نے کبھی آمنے سامنے بات نہیں کی، کیونکہ وہ میرے استاد تھے۔ بعد میں جب علی نے یونیورسٹی کی نوکری چھوڑ دی، تب ہماری بطور استاد اور طالبہ ملاقات ہوئی۔“
جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ رشتہ محبت میں کیسے بدلا تو انہوں نے کہا، ”مجھے ایک مضمون میں کافی مشکل پیش آ رہی تھی اور میں پریشان تھی کہ کون مجھے پڑھائے گا۔ میری والدہ نے مشورہ دیا کہ علی سے مدد لو، اور وہی ہمارے تعلق کی شروعات بنی۔ بعد میں ہم نے شادی کر لی۔ میرے والد آج بھی مذاق میں کہتے ہیں: ’پتا نہیں اس نے تمہیں کیا پڑھایا کہ تم نے اسی سے شادی کر لی۔‘“
حنا چوہدری نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور کچھ عرصہ سپورٹنگ کرداروں میں کام کرنے کے بعد وہ جلد ہی مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوئیں۔
انہوں نے مشہور ڈراموں یوں تو ہے پیار بہت، ابنِ ہوا، ہنی مون، ترکِ وفا، اے دل اور کالج گیٹ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ان دنوں وہ سوپ سیریل ”رسمِ وفا“ میں اپنی پرفارمنس سے خوب داد سمیٹ رہی ہیں، جہاں ان کی جوڑی اداکارعمرعالم کے ساتھ ناظرین کو بے حد پسند آ رہی ہے۔