شدید جلنے کی صورت میں اگر سرجری کی ضرورت پیش آئے تو دوران سرجری خون کے بہاؤ کو روکنا اب مشکل نہیں رہا، چینی سائنسدانوں نے اس چیلنج کا ایک حیران کن اور مؤثر حل دریافت کر لیا ہے۔
چینی سائنسدانوں نے شدید جلنے کے زخموں کے دوران سرجری میں خون بہنے کے مسئلے کا ایک منفرد اور مؤثر حل تلاش کیا ہے۔ شینزین انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی (SIAT) اور روجین ہسپتال کے محققین نے ایسی پٹی تیار کی ہے جو بیکٹیریل سیلولوز (BC) سے بنی ہے یہ ایک ایسا مواد ہوتا ہے جو ہوا گزرنے کے قابل اور جسم کے لیے محفوظ ہے۔
یہ عام پٹی نہیں بلکہ ایک خاص قسم کی بایواکٹیو ڈریسنگ ہے جس میں خون جمانے والا قدرتی خامرہ تھرومبن لگایا گیا ہے۔ کیونکہ تھرومبن اکیلا جلد دھل جاتا ہے، سائنسدانوں نے اسےبی سی پٹی کے ساتھ مضبوطی سے جوڑنے کے لیے ایک ”حیاتیاتی چپکنے والا ٹیگ“ بھی شامل کیا ہے۔ اس طریقے سے تھرومبن پٹی پر مضبوطی سے قائم رہتا ہے اور خون کو جلدی روکنے میں مدد دیتا ہے۔
مشہورسائنسی جریدے ”ایڈوانسڈ میٹیریلز“ میں شائع تحقیق کے مطابق، یہ تھرومبن والی پٹی 60 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں خون بہنے کو روک دیتی ہے، انسانی جلد کے ساتھ مکمل مطابقت رکھتی ہے اور جسم کو خود ٹھیک کرنے کے طریقوں کو متحرک کرنے کا اشارہ بھی دیتی ہے۔
یہ جدید بایومیٹریل اب تجرباتی مراحل سے نکل کر کلینک میں استعمال کے لیے تیار ہو رہا ہے اور جلد ہی جلنے کے علاج میں انقلاب لے آئے گا۔