آج کے دور میں چیا بیج کو صحت مند زندگی کے لیے ایک ضروری سپر فوڈ سمجھا جاتا ہے۔ یہ بیج فائبر، اومیگا-3 فیٹی ایسڈز، پروٹین اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہوتے ہیں۔ لیکن ہر کوئی چیا بیجوں کو پسند نہیں کرتا ہے، خاص طور پر جب وہ پانی یا کسی اور مائع میں بھیگ کر ایک نرم اور جیل جیسی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔

چیا بیج مائع جذب کرکے ایک مخصوص قسم کی جیل نما تہہ بناتے ہیں، یہ ساخت بہت سے حساس ذائقہ رکھنے والے کھانے والوں کے لیے ناپسندیدہ ہوتی ہےجو کچھ لوگوں کے لیے کھانے میں عجیب محسوس ہوتی ہے اور وہ اسے ’مینڈک کے انڈوں‘ جیسا محسوس کرتے ہیں، جو ان کی خوراک میں شامل کرنے سے روک دیتا ہے اور وہ اسے اسموتھی میں ڈال دیتے ہیں۔ حالانکہ یہی جیل والی خاصیت انہیں پڈنگز اور ہائیڈریشن سے بھرپور ناشتوں کے لیے بہترین بناتی ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ،”چیا بیجوں کی جیل جیسی ساخت بہت سے لوگوں کے لیے ایک مشکل مسئلہ ہوتی ہے۔ مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اپنی غذائیت سے محروم رہیں۔ بازار میں اور بھی بہت سے متبادل موجود ہیں جو ایسے ہی غذائیت بخش ہوتے ہیں اور ان میں چپچپاہٹ بھی نہیں ہوتی ہے۔“

اگر آپ چیا بیجوں کی اس خاص ساخت کو پسند نہیں کرتے لیکن غذائیت بھی چاہتے ہیں تو آپ ان متبادل کو آزما سکتے ہیں۔

السی کے بیج

یہ بھی لیکویڈ میں تھوڑا بہت جیل بناتے ہیں، مگر اس کا اثر چیا کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔ آپ انہیں پیس کر روٹی، کیک یا اسموتھی میں شامل کر کے اپنی خوراک میں فائبر اور اومیگا-3 کی مقدار بڑھا سکتے ہیں۔

تل کے بیج

تل فائبر، کیلشیم اور صحت مند چکنائیوں کا بہترین ذریعہ ہیں اور ان میں کوئی جیل نما ساخت نہیں ہوتی۔ انہیں چاٹ مصالحہ، سالن یا بیکڈ اشیاء میں آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کدو کے بیج

اگر آپ کو نرم اور جیل جیسا کھانا پسند نہیں تو کدو کے بیج بہترین انتخاب ہیں۔ یہ کھانے میں کرنچ پیدا کرتے ہیں اور میگنیشیم، پروٹین اور صحت مند چکنائیوں سے بھرپور ہوتے ہیں۔ انہیں سلاد یا سینڈوچز میں آسانی سے شامل کرسکتے ہیں۔

کینوا

کینوا پروٹین اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے اور اس کی ساخت چیا سے بالکل مختلف ہے۔ اسے ناشتہ کے طور پر دلیہ یا اسموتھی میں استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے آپ کو غذائیت ملتی ہے بغیر کسی چپچپاہٹ کے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چیا بیج یقینی طور پر صحت کے لیے اچھے ہیں، مگر ان کی جگہ یہ متبادل بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں جو ذائقہ اور ساخت میں زیادہ خوش نما ہوں۔ اس طرح آپ اپنی روزمرہ کی غذا میں ضروری غذائی اجزاء شامل کر سکتے ہیں اور اپنی پسند کے مطابق کھانے کا لطف بھی اٹھا سکتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters