ایک 28 سال کی خاتون بیوٹی پارلرابرو بنوانے گئی تھی لیکن جگر فیل کروا کے آگئی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایم بی بی ایس ڈاکٹر ادیتی جھمیجا نے محلے کے بیوٹی پارلرز میں ابرو تھریڈنگ کے دوران ناقص صفائی کی وجہ سے جگر کی بیماری، خاص طور پر ہیپاٹائٹس بی اور سی کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کی ہے۔

ڈاکٹر نے ایک 28 سالہ خاتون کے کیس کا ذکر کیا جس نے ابرو بنوانے کے لیے پارلر کا دورہ کیا لیکن خراب تھریڈنگ کی وجہ سے اسے جگر فیل ہونے کی سنگین بیماری لاحق ہو گئی۔

انہوں نے کہا، ”وہ ابرو بنوانے گئی تھی لیکن جگر کی خرابی کے ساتھ واپس لوٹی۔ اس کے گردے کی حالت بگڑ گئی اور اسے تھکاوٹ، متلی اور آنکھوں میں پیلا پن کے ساتھ ہسپتال لایا گیا۔ ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ اس کا جگر خراب ہو رہا ہے اور اس کی وجہ نہ شراب تھی نہ دوائیں بلکہ خراب تھریڈنگ کے دوران دوبارہ استعمال کیے گئے دھاگے کی وجہ سے خون میں وائرس داخل ہو گیا۔“

تھریڈنگ کیسے خطرناک ہو سکتی ہے؟

تھریڈنگ ایک مقبول بیوٹی ٹریٹمنٹ ہے جو خاص طور پر ابرو بنوانے یا چہرے کے بال ہٹانے کے لیے کی جاتی ہے۔ یہ تیز اور آسان طریقہ سمجھا جاتا ہے لیکن اگر صفائی کا خاص خیال نہ رکھا جائے تو اس میں شدید خطرات پوشیدہ ہوتے ہیں۔

جیوپیٹر ہسپتال تھانے کے انٹرنل میڈیسن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امیت سراپ نے بتایا کہ تھریڈنگ خود جگر کو نقصان نہیں پہنچاتی، لیکن اگر دھاگہ، ہاتھ یا استعمال شدہ اوزار صاف نہ ہوں تو خون سے منتقل ہونے والے ہیپاٹائٹس بی اور سی وائرس کے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انہون نے بتایا“اگر تھریڈنگ کے دوران جلد پر چھوٹے زخم آ جائیں تو یہ خون میں وائرس کے داخلے کا ذریعہ بن سکتے ہیں، کیونکہ ہمیں معلوم نہیں ہوتا کہ ہاتھ یا دھاگہ صاف ہے یا نہیں۔“

ہیپاٹائٹس بی اور سی وائرس جگر کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ وائرس جگر کو مستقل نقصان پہنچاتے ہیں، جس کے نتیجے میں جگر سخت ہو جاتا ہے یا بالآخر فیل ہو سکتا ہے۔ اس کی شدت کے باعث مریض کو اسپیشلائزڈ علاج یا جگر کی پیوند کاری کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔

تھریڈنگ کے دوران احتیاطی تدابیر

ڈاکٹروں کا مشورہ ہے کہ تھریڈنگ کرواتے وقت صفائی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ انفیکشن کا خطرہ کم ہو۔ ان احتیاطی تدابیر میں شامل ہیں۔

نیا یا ڈسپوز ایبل تھریڈ استعمال کریں۔

تھریڈنگ سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھوئیں اور جلد کی صفائی کریں۔

اگر جلد پر زخم یا خراش ہو تو تھریڈنگ سے گریز کریں۔

جو لوگ بار بار تھریڈنگ کرواتے ہیں انہیں چاہیے کہ ایسے پارلرز کا انتخاب کریں جو صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کرتے ہوں۔

اگر تھریڈنگ کے بعد تھکن، متلی یا جلد میں پیلا پن محسوس ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

خوبصورتی کے چھوٹے چھوٹے اقدامات بھی اگر احتیاط کے ساتھ نہ کیے جائیں تو انسانی صحت پر گہرے منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ لہٰذا اپنی صحت کی حفاظت کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں اور بیوٹی پارلرز میں صفائی کی اہمیت کو سمجھیں۔

نوٹ: کسی بھی طبی مسئلے کی صورت میں اپنے معالج سے رابطہ کریں۔

More

Comments
1000 characters