بالی وڈ کے مشہور اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان نے حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی کے کٹھن لمحات اور خاندانی مسائل اور رویوں پر روشنی ڈالی، جس کے بعد خان خاندان کی جانب سے باضابطہ ردعمل بھی جاری کردیا گیا ہے۔
فیصل خان، جنہوں نے فلم ”مدہوش“ سے اپنا فلمی کیریئر شروع کیا اور میلہ جیسی فلموں میں اداکاری کی، حالیہ دنوں میں اپنے ناکام فلمی سفر، ذہنی صحت کے مسائل اور خاندانی کشیدگی پر کھل کر بولے۔
’عامر خان نے مجھے ایک سال تک گھر میں قید رکھا‘، بھائی فیصل کا انکشاف
ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی اداکار بننا ہی نہیں چاہتے تھے لیکن خاندانی دباؤ اور توقعات کے باعث اس میدان میں قدم رکھا۔
ایک انٹرویو میں فیصل خان نے دعویٰ کیا کہ انہیں ان کے بھائی عامر خان نے ایک سال تک گھر میں بند رکھا۔
اداکار عامر خان نے نئی فلم کے لئے سگریٹ چھوڑنے کا ارادہ کرلیا
ان کے بقول، ”مجھے کہا گیا کہ مجھے ”شیزوفرینیا“ ہوگیا ہے، میں پاگل ہوچکا ہوں اور دوسروں کے لیے خطرہ بن سکتا ہوں۔ میرا فون لے لیا گیا، میں باہر نہیں جا سکتا تھا اور میرے کمرے کے باہر گارڈز تعینات تھے جو دوا دیتے تھے۔“
فیصل کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے والد سے مدد کے منتظر تھے، لیکن وہ اپنی دوسری بیوی کے ساتھ رہ رہے تھے اور ان سے رابطہ ممکن نہ تھا۔
عامر خان، جو حال ہی میں اپنی فلم ستارے زمین پر کی پروموشن کے دوران اپنے بھائی اور بیٹے جُنید خان کے کیریئر پر بات کر رہے تھے،
انہوں نے کہا، ”میں نے فیصل کی مدد کرنے کے لیے آسمان زمین ایک کردیا۔ ’میلہ‘ میں اس کے ساتھ کام کیا، لیکن مجھے احساس ہوا کہ فلمی صنعت ایسی جگہ ہے جہاں کسی کی قسمت اور محنت ہی اصل کامیابی لاتی ہے۔“
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنے بیٹے جُنید یا کسی اور خاندانی فرد کو غیرضروری طور پر فلموں میں کاسٹ نہیں کریں گے، کیونکہ یہ فن کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
فیصل خان کے ان بیانات کے بعد خان خاندان نے ایک تحریری بیان جاری کرتے ہوئے ان الزامات کی سختی سے تردید کی۔
بیان میں کہا گیا، ”ہم فیصل کی جانب سے اپنی والدہ، بہن اور بھائی پر لگائے گئے الزامات پر دکھی ہیں۔ چونکہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے واقعات کو غلط انداز میں پیش کیا، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنا مؤقف واضح کریں۔“
خاندان نے واضح کیا کہ فیصل سے متعلق ہر فیصلہ محبت، ہمدردی اور ان کی نفسیاتی بھلائی کے تحت، ماہرینِ نفسیات سے مشورہ کر کے کیا گیا۔
انہوں نے کہا، ”ہم نے ہمیشہ ان مشکل لمحات کی تفصیلات عوامی طور پر شیئر نہ کرنے کو ترجیح دی، تاکہ فیصل کی نجی زندگی اورعزت برقرار رہے۔“
فیصل خان نے انٹرویو میں بتایا کہ عامر خان اب بھی ان کی مالی مدد کرتے ہیں اور انہیں ایک ماہانہ الاونس دیتے ہیں جب تک وہ خود اپنے پیروں پر کھڑے نہ ہو جائیں۔
انہوں نے عامر کو ”دل کا اچھا انسان“ قرار دیا اور یہ بھی انکشاف کیا کہ فلمی کیریئر کی ناکامی کے بعد عامر نے انہیں اپنی پروڈکشن کمپنی میں ملازمت کی پیشکش بھی کی تھی۔