مصنوعی ذہانت کے اس دور میں حقیقت اور افسانے میں فرق کرنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اس کی تازہ مثال واٹر شو کی ایک ایسی ویڈیو ہے جس نے دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے کر دیے ہیں۔

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ شو کے دوران ایک اورکا (کِلر وہیل) اپنی ٹرینر کو بے رحمی سے پانی کے اندر کھینچ لیتی ہے، اور پھر اس کی لاش کے ساتھ کھیلتی ہے۔

وائرل ویڈیو میں ٹرینر کا نام ”جیسیکا ریڈکلف“ بتایا گیا، خاتون ٹرینر کو ایک میرین پارک میں لائیو شو کے دوران اورکا کی پیٹھ پر ڈانس کرتے دیکھا گیا۔ اس دوران ہزاروں لوگ خوشی سے چیخ رہے تھے، موسیقی گونج رہی تھی۔

لیکن پھر اچانک ایک کِلر وہیل پانی سے چھلانگ مار کر ٹرینر کو اپنے جبڑوں میں دبوچ لیتی ہے۔ چند لمحوں بعد منظر دھندلا جاتا ہے، اور دعویٰ کیا جاتا ہے کہ جیسیکا کو نکالنے کے بعد وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

ویڈیو کی حقیقت

لیکن حقیقت اوپر بیان کی گئی بھیانک کہانی سے بالکل مختلف ہے۔

دنیا بھر کے معتبر خبر رساں اداروں، میرین پارک انتظامیہ اور فیکٹ چیکنگ ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ یہ ویڈیو سراسر جھوٹ پر مبنی اور جعلی ہے۔ ”جیسیکا ریڈکلف“ نام کی کوئی ٹرینر موجود نہیں، واقعے کا کوئی ریکارڈ نہیں، اور یہاں تک کہ ویڈیو میں دکھایا گیا میرین پارک بھی فرضی ہے۔

معروف امریکی جریدے ”فوربز“ کے مطابق، ویڈیو میں دکھنے والے پانی کے بہاؤ، وقفوں اور آوازوں کی فرانزک جانچ سے پتا چلا کہ یہ سب کچھ جدید اے آئی ٹولز سے بنایا گیا ہے۔

فوربز نے اسے ایک ”دھوکہ“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا کوئی حقیقی سانحہ ہوتا تو پوری دنیا میں اس کی خبریں گونج جاتیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ ویڈیو دراصل ماضی کے دو اصل سانحات ”2010 میں سی ورلڈ میں ڈان برانشو اور 2009 میں الاسیس مارٹینز کی اورکا کے ہاتھوں ہلاکت“ سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔

یہ جعلی ویڈیو صرف سنسنی پھیلانے کے لیے تیار کی گئی ہے، لیکن اس کی حقیقت میں کوئی بنیاد نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے من گھڑت کلپس جذباتی شدت اور حیرت انگیز حقیقت نما مناظر کے باعث تیزی سے وائرل ہو جاتے ہیں، اور اکثر حقیقت سامنے آنے سے پہلے ہی لاکھوں لوگوں تک پہنچ جاتے ہیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں ہر ویڈیو پر آنکھ بند کر کے یقین کرنے کے بجائے، معتبر ذرائع سے تصدیق نہایت ضروری ہے۔

More

Comments
1000 characters