پاکستان شوبز کی ورسٹائل فنکارہ، گلوگارہ، میزبان اور مصنفہ بُشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ، ”امیتابھ کے موزے اور لتا کی ساڑھی صرف مذاق تھا۔“
حال ہی میں معروف اداکارہ سوشل میڈیا پر اُس وقت شدید تنقید کی زد میں آئیں، جب ایک ٹی وی شو میں اُنہوں نے امیتابھ بچن کے موزوں اور لتا منگیشکر کی ساڑھی کی خواہش کا ہلکے پھلکے انداز میں ذکر کیا۔
امیتابھ بچن کا موزہ پہننے کی خواہش، بشریٰ انصاری شدید تنقید کی زد میں
تاہم اب بُشریٰ انصاری نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔ اپنی وضاحت میں انہوں نے کہا کہ یہ بات محض مذاق میں ایک مداح دوست سے کہی گئی تھی، جسے شو میں بھی غیر سنجیدہ انداز میں پیش کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا، ”میں نے مذاق میں اپنے ایک مداح دوست سے کہا تھا کہ امیتابھ بچن کے موزے اور لتا جی کی ساڑھی لے آؤ، مگر حیرت ہے کہ اسے بہت منفی انداز میں لیا گیا۔“
ہاتھ میں جھاڑو، بالوں میں رولرز، بشری انصاری کادیسی ماں کا روپ سب کو بھا گیا
انہوں نے مزید کہا، ”میں ایک انٹرٹینر ہوں، مزاح میری شخصیت کا حصہ ہے، لیکن افسوس ہے کہ لوگ حسِ مزاح کو سمجھنے کے بجائے بات کو غلط رنگ دیتے ہیں۔ سستے یوٹیوبرز نے اس چھوٹی سی بات کو بلاوجہ اچھالا اور قومی مسئلہ بنا دیا۔ خدارا! مجھے اس پر جیل ہی نہ بھیج دیں۔“
اگرچہ کچھ لوگ ان کے بیان پر برہم دکھائی دیے، لیکن بُشریٰ انصاری کے لاکھوں مداح اب بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر انہیں خوبصورت روح، بہادر خاتون اور فن کا سرمایہ قرار دیا۔
ایک مداح نے لکھا، ”لوگ کچھ بھی کہیں، آپ جیسی باصلاحیت اور باوقار شخصیت کم ہی ہوتی ہے۔“