جنوبی کوریا میں جرائم کی روک تھام کے لیے انوکھا اقدام اٹھاتے ہوئے بے جان پولیس افسران تعینات کرد یے گئے۔
آدیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے علاقے جونگ-گو میں واقع جوڈونگ نمبر 3 پارک میں ہر شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک انسانی قد کے ’ہولوگرافک‘ پولیس افسران نمودار ہوتے ہے، جو شہریوں کو یاد دلاتے ہیں کہ ہنگامی صورت میں پولیس فوری کارروائی کرے گی اور یہاں ہر جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔
تاہم یہ کوئی حقیقی پولیس افسر نہیں بلکہ ایک تھری ڈی ہولوگرام ہے جو شہریوں کو ذہنی اطمینان فراہم کرنے اور بدنظمی کی روک تھام کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ انسانی قد کا پولیس افسر ہولوگرام گزشتہ سال اکتوبر میں آزمائشی طور پر نصب کیا گیا تھا جسے تھری ڈی مواد پر مہارت رکھنے والی ہولوگرامکا (Hologrammica) نامی ہولوگرافک ٹیکنالوجی کمپنی نے تیار کیا ہے۔
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اس اقدام سے جوڈونگ نمبر 3 پارک میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
جنگبو پولیس اسٹیشن کے چیف آن ڈونگ ہیون نے بتایا کہ یہ ہولوگرام بورڈ ایک اسمارٹ سیکیورٹی ڈیوائس کے طور پر شہریوں میں تحفظ کے احساس کو بڑھاتا ہے اور بدنظمی کے خلاف نفسیاتی روک تھام کا باعث بنتا ہے۔
75 سالہ شخص خاتون اے آئی کی محبت میں گرفتار، اہلیہ کو طلاق دینے کی ٹھان لی
ان کا کہنا تھا کہ ہم مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایسے مزید اقدامات کو وسعت دیں گے تاکہ پارک کو شہریوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔
خاتون کا کھاتے ہوئے دال کو گرم رکھنے کا طریقہ وائرل
سیول میٹروپولیٹن پولیس ایجنسی کے مطابق اس ہولوگرام کی تنصیب سے پہلے اور بعد کے وقت کا موازنہ کرنے پر پارک کے گردونواح میں جرائم کی شرح میں تقریباً 22 فیصد کمی واقع ہوئی، جو ایک اہم کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔
کورین پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ٹیکنالوجی مجرموں کو براہ راست گرفتار نہیں کر سکتی، لیکن یہ جرائم کی روک تھام اور تحفظ کے احساس کو بڑھانے میں مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال کا دائرہ کار حالات کے مطابق وسیع کیا جا سکتا ہے۔
ایک پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ اگرچہ غور سے دیکھنے پر یہ واضح ہو جاتا ہے کہ یہ کوئی اصلی انسان نہیں، لیکن صرف پولیس کی موجودگی کا تاثر ہی جرم روکنے میں مؤثر رہا ہے۔