جاپان ہمیشہ اپنی جدید ٹیکنالوجی اور تخلیقی سوچ کے باعث دنیا بھر میں نمایاں رہا ہے۔ چاہے وہ تیز رفتار ریل گاڑیاں ہوں یا روزمرہ زندگی کو آسان اور محفوظ بنانے والی ایجادات، جاپان ہر میدان میں نئی مثال قائم کرتا ہے۔

چونکہ جاپان کو اکثر زلزلوں اور سونامی کا سامنا رہتا ہے، اس لیے وہاں ایسے اقدامات کیے جاتے ہیں جو عوام کی فوری مدد کر سکیں۔ اسی سوچ کے تحت مغربی ساحلی شہر آکو (Hyogo) میں خصوصی وینڈنگ مشینز نصب کی گئی ہیں۔ یہ مشینیں عام دنوں میں خریداری کے لیے استعمال ہوتی ہیں، لیکن زلزلہ کی شدت اگر جاپان کے سیزمک اسکیل پر 5 یا اس سے زیادہ ہو تو یہ خودکار طریقے سے کھل جاتی ہیں اور متاثرہ افراد کے لیے بالکل مفت اشیاء فراہم کرتی ہیں۔

ان مشینوں میں تقریباً 300 بوتلیں اور ڈبوں میں مشروبات کے ساتھ ساتھ 150 ایمرجنسی آئٹمز رکھے جاتے ہیں، جن میں تیار شدہ کھانے، ماسک، غذائی سپلیمنٹس اور حتیٰ کہ پورٹیبل ٹوائلٹس تک شامل ہیں۔ یہ مشینیں زیادہ تر ان عمارتوں کے قریب لگائی گئی ہیں جنہیں محفوظ پناہ گاہ قرار دیا گیا ہے۔ اس منفرد منصوبے کو ٹوکیو کی فارماسیوٹیکل کمپنی ’ارتھ کارپ‘ اور مقامی حکومت نے مل کر شروع کیا ہے۔

وینڈنگ مشینز کی دلچسپ اقسام

جاپان میں وینڈنگ مشینز صرف ایمرجنسی تک محدود نہیں۔ عام دنوں میں یہ مشینیں لوگوں کی روزمرہ ضروریات اور ان کے شوق پورے کرنے کے لیے بھی بے شمار اشیاء پیش کرتی ہیں۔

  • بعض مشینوں میں کافی، چائے، سوپ اور گرم مشروبات دستیاب ہیں۔

  • جدید مشینیں گرم کھانے جیسے سویا نوڈلز، فرائیڈ رائس اور کری بھی فراہم کرتی ہیں۔

  • کئی جگہوں پر کپ نوڈلز مشینز لگائی گئی ہیں، جہاں ساتھ ہی گرم پانی اور برتن بھی موجود ہوتے ہیں۔

  • میٹھا پسند کرنے والوں کے لیے خصوصی مشینیں ہیں جن میں کیک، موچی (چاول کی مٹھائی)، کینڈ بریڈ اور آئس کریم تک رکھی جاتی ہے۔

  • دلچسپ بات یہ ہے کہ جاپان میں کچھ وینڈنگ مشینز ایسے بھی ہیں جو نایاب یا غیر روایتی اشیاء پیش کرتے ہیں، جیسے ریچھ یا وہیل کا گوشت۔

ٹیکنالوجی اور عوامی خدمت کا امتزاج

ماضی میں ٹوکیو کے ایک پارک میں ایک منفرد مشین نصب کی گئی تھی جس میں ریڈیو سسٹم موجود تھا۔ زلزلے کے وقت یہ ریڈیو خودکار طور پر آن ہو جاتا اور قریبی کمیونٹی اسٹیشن سے لوگوں کو ہنگامی ہدایات دیتا۔

یہ تمام مثالیں اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ جاپان نے ٹیکنالوجی کو صرف سہولت کے لیے نہیں بلکہ عوام کی حفاظت اور فلاح کے لیے بہت خوب استعمال کیا ہے۔ یہی سوچ اسے دنیا میں منفرد مقام دیتی ہے۔

More

Comments
1000 characters