پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہانیہ عامر نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ انہیں دنیا کی دس حسین ترین اداکاراؤں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
ہانیہ عامر پاکستان شوبز کی وہ روشن ستارہ ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنی معصوم مسکراہٹ اور دلکش انداز سے دل جیتے بلکہ اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے بھی انوکھا مقام بنایا۔ ان کی شخصیت میں سادگی اور خوبصورتی کا ایسا حسین امتزاج ہے جو دیکھنے والوں کو پہلی ہی نظر میں متاثر کر دیتا ہے۔ ہانیہ کی چمکدار آنکھیں، دلنشین اندازِ گفتگو اور ہر کردار میں جان ڈال دینے کی صلاحیت انہیں حقیقی معنوں میں ایک بے مثال فنکارہ اور خوبصورتی کی علامت بنا دیتی ہے۔
عالمی شہرت یافتہ ویب سائٹ انٹرنیٹ مووی ڈیٹابیس (IMBD) کی جانب سے جاری کی گئی دس خوبصورت ترین یا موسٹ بیوٹیفل اداکاروؤں کی فہرست میں ہانیہ عامر چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ اس فہرست میں فلموں، ڈراموں اور ویب سیریز کے حوالے سے نمایاں شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہانیہ عامر نے حسن کے معاملے میں کئی مشہور ہالی وڈ اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن میں ایمبر ہرڈ اور ایما واٹسن شامل ہیں۔
فہرست میں پہلے نمبر پر آسٹریلوی اداکارہ مارگوٹ روبی، دوسرے پر امریکی اداکارہ شیلبی وڈلے، تیسرے پر چینی اداکارہ دلربا دلمورتھ، چوتھے پر کورین اسٹار نینسی میکڈونا اور پانچویں پر بھارتی اداکارہ کریتی سینن موجود ہیں۔
ہانیہ عامر چھٹے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہیں، جبکہ ساتویں نمبر پر ہالی وڈ اداکارہ اور ٹام کروز کی مبینہ گرل فرینڈ آنا دے آرماس، آٹھویں پر ایما واٹسن، نویں پر ایمبر ہرڈ اور دسویں نمبر پر ترک اداکارہ و ماڈل ہاندا ارچل شامل ہیں۔
ہانیہ عامر کی اس کامیابی پر ان کے مداحوں نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے، اور سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔