مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں 13 سالہ لڑکے کی اچانک موت نے والدین اور سماجی حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے نے بیک وقت نوڈلز کے تین پیکٹ کھائے اور کچھ ہی دیر بعد اس کی طبیعت بگڑ گئی۔
گھر والوں کے مطابق لڑکا شدید پیٹ درد، قے، پسینے اور تھکن کا شکار ہوا، اور اسپتال لے جانے کے دوران راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ابتدائی طور پر ڈاکٹرز نے زہر خورانی کا شبہ ظاہر کیا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی حتمی وجہ سامنے آ سکے گی۔
4 ہزار سال پرانی بستی میں 10 فٹ نیچے دبے ہوئے نوڈلز سے بھرا پیالہ دریافت
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے نوڈلز کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں، جبکہ لاش کو بھی فرانزک تجزیے کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فی الحال کھانے کی اشیاء کے معیار پر سوال اٹھانا قبل از وقت ہوگا۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ زیادہ مقدار میں نوڈلز کھانے سے مختلف پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں، جن میں آنتوں کی رکاوٹ، الرجی، یا نمک اور دیگر اجزاء کے باعث جسم پر دباؤ شامل ہے۔ نوڈلز میں کاربوہائیڈریٹ اور سوڈیم کی زیادہ مقدار طویل المدتی طور پر موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر اور گردوں کی خرابی جیسے مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔
انسٹنٹ نوڈلز: آسان اور سستا، لیکن کیا روزانہ کھانا صحت کے لیے محفوظ ہے؟
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ کئی صارفین نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی خوراک پر نظر رکھیں، جبکہ دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پروسیسڈ فوڈ کی نگرانی کو مزید سخت کیا جائے۔