معروف بھارتی اداکار رضا مراد نے اپنی موت کی جعلی افواہوں کیخلاف ممبئی کے ایمبولی پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ شکایت درج کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان کی موت سے متعلق ایک جعلی پوسٹ وائرل ہوئی ہے، جس نے انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر شدید متاثر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رضا مراد نے اے این آئی کو بتایا کہ اس پوسٹ میں ان کی پیدائش کی تاریخ کے ساتھ ساتھ ایک فرضی موت کی تاریخ بھی درج تھی اور ان کے کام کا تذکرہ کرتے ہوئے تعزیتی کلمات بھی شامل تھے۔

اداکار نے کہا کہ، کچھ لوگ، جن کی وجہ مجھے سمجھ نہیں آتی، میرے وجود سے پریشان نظر آتے ہیں۔ انہوں نے میری موت کی خبر دی اور تعزیت بھی کی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ، میں نے کئی سال کام کیا، مگر اب مجھے یاد کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ اس پوسٹ میں میری سالگرہ اور جعلی تاریخِ وفات بھی شامل تھی۔ یہ ایک بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔

اداکار نے مزید کہا، میری زبان، حلق اور ہونٹ اس بات کی وضاحت کرتے کرتے خشک ہو چکے ہیں کہ میں زندہ ہوں۔ یہ جھوٹی خبر ہر جگہ پھیل گئی ہے۔ دنیا بھر سے مجھے کالز اور میسجز آ رہے ہیں اور لوگ مجھے اس پوسٹ کی کاپیاں بھیج رہے ہیں۔

رضا مراد نے اس واقعے کو ”شرمناک“ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جو بھی اس خبر کو پھیلا رہا ہے اس کا ذہن بہت چھوٹا ہے اور شاید اس نے اپنی زندگی میں کوئی بڑا کام نہیں کیا۔ ”اسی لیے وہ ایسے نیچے درجے کے کاموں میں مصروف ہے۔“

اداکار نے بتایا کہ پولیس نے ان کی شکایت کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ پولیس نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ذمہ دار کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

رضا مراد نے زور دے کر کہا کہ ایسے جھوٹے پروپیگنڈے کو روکنا چاہیے کیونکہ یہ صرف ان کے ساتھ نہیں بلکہ دیگر فنکاروں کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔

رضا مراد نے کہا،”یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ یہ مسئلہ صرف میرا نہیں ہے۔ اکثر مشہور شخصیات کو زندہ ہوتے ہوئے مردہ ظاہر کردیا جاتا ہے جو غلط ہے اور جو بھی ایسا کرے اسے سزا ملنی چاہیے۔“

رضا مراد نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز 1970 کی دہائی میں کیا تھا اور اب تک انہوں نے 250 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے جن میں ہندی، بھوجپوری اور دیگر علاقائی زبانیں شامل ہیں۔

ان کی بھاری بھرکم اور کڑک دار آواز اور مختلف کرداروں میں نمایاں پرفارمنس نے انہیں فلمی دنیا میں ایک منفرد مقام دلایا ہے۔ وہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی ہٹ فلم ”پدماؤت“ کا بھی حصہ رہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters