بھارتی ریاست اُڑیسہ میں اسپائیڈر مین کا کاسٹیوم پہن کر موٹرسائیکل پر کرتب دکھانا شہری کو پڑ گیا، جس کے باعث اس پر 15 ہزار بھارتی روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اُڑیسہ کے شہر روڑکیلا میں سڑک پر ’اسپائیڈر مین‘ کا ڈریس پہن کر خطرناک کرتب دکھانا ایک شخص کو مہنگا پڑ گیا، جب اس پر متعدد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 15 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

بدھ کے روز یہ شخص ’اسپائیڈر مین‘ کے لباس میں بغیر ہیلمٹ کے اپنی موٹر سائیکل پر تیز رفتاری سے ایک مصروف شاہراہ پر دوڑاتا ہوا دیکھا گیا۔ اس دوران وہ مختلف کرتب بھی کر رہا تھا، جس سے دیگر موٹرسائیکل سواروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

مزید یہ کہ اس کی موٹر سائیکل میں ایک تبدیل شدہ سائلنسر لگا ہوا تھا جو دھماکے جیسی آواز پیدا کر رہا تھا۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں نے فوراً ہی اسے روک لیا۔ تحقیقات کے دوران وہ اپنے عمل کی وضاحت کرنے میں ناکام رہا۔ بالآخر اس کی موٹر سائیکل ضبط کر لی گئی اور پولیس نے اس کے خلاف 15 ہزار روپے کا چالان جاری کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص پر بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے، مقررہ حد سے زیادہ رفتار اختیار کرنے اور تبدیل شدہ سائلنسر استعمال کرنے کے الزامات پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا۔

More

Comments
1000 characters