پاپ میوزک کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے مداحوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ مشہور امریکی فٹبالر ٹریوس کیلسے سے منگنی کرچکی ہیں۔

یہ اعلان انہوں نے منگل کے روز انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا، جس میں انہوں نے لکھا، ’آپ کی انگلش ٹیچر اور جم ٹیچر کی شادی ہونے والی ہے۔‘ اس جملے کے ساتھ ٹیلر نے اپنی منگنی کی تصاویر بھی شیئر کیں جن میں کیلسی گھٹنوں کے بل بیٹھے ہوئے انہیں انگوٹھی پہنا رہے ہیں۔

ایک تصویر میں دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے مسکرا رہے ہیں۔ مداحوں کی نظریں فوراً ٹیلر کی انگوٹھی پر جم گئیں، جو کہ اولڈ مائن برلینٹ کٹ ڈیزائن میں تیار کی گئی ہے۔

یہ پوسٹ اب تک 26 ملین سے زائد لائکس حاصل کرچکی، اور انسٹاگرام پر ساتھی فنکاروں اور شوبز شخصیات کی مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گلوکارہ ایورل لیوین اور سپر ماڈل کارا ڈیلیوین سمیت کئی ستاروں نے خوشی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب کیلسی کی ٹیم ’کنساس سٹی چیفس نے بھی سوشل میڈیا پر لکھا، ’آج ایک پریوں کی کہانی حقیقت بنی۔ ٹریوس اور ٹیلر کو بہت مبارک ہو، اب آپ ہماری فیملی کا مستقل حصہ ہیں۔‘ حتیٰ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جوڑے کو نیک تمناؤں کے ساتھ مبارکباد دی۔

ٹیلر سوئفٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دل کا نشان بھی شیئر کیا، جس کے پس منظر میں ان کا نیا گانا ’So High School‘ بج رہا تھا، کہا جاتا ہے کہ یہ ٹریوس کیلسی سے متاثر ہوکر لکھا گیا ہے۔ اسی البم کا ایک اور گانا ’The Alchemy‘ بھی ان کے رشتے کی جھلک پیش کرتا ہے۔

بلاشبہ ان دونوں کی کہانی مکمل فلمی رومان ہے۔ چند دن پہلے ٹیلر نے مقبول پوڈکاسٹ New Heights میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ یہ رشتہ کس طرح شروع ہوا۔

ٹریوس نے ایک بار اس پوڈکاسٹ میں ٹیلر کے کنسرٹ میں شرکت کے تجربے کا ذکر کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ان سے ملاقات نہ ہونے پر مایوس ہوگئے تھے۔ یہی گفتگو وائرل ہوئی اور بالآخر دونوں کے درمیان رابطہ ہوا۔ ٹیلر نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ بالکل فلمی تھا، جیسے کوئی کھڑکی کے باہر کھڑے ہوکر بوم ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے محبت کا اظہار کرے۔

ان کے کئی مشہور گانے ماضی کے تعلقات پر مبنی سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم، ٹریوس کیلسی کے ساتھ یہ نیا باب نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث ہے بلکہ خود ٹیلر کے لیے بھی کسی خواب کی تعبیر لگتا ہے۔ وہ خود اس رشتے کو اپنی زندگی کا سب سے خاص لمحہ قرار دیتی ہیں۔

یوں لگتا ہے جیسے واقعی ٹیلر کی زندگی کی سب سے بڑی ’لو اسٹوری‘ اب حقیقت کا روپ دھار چکی ہے۔

More

Comments
1000 characters