مون سون کے موسم میں درجہ حرارت میں اچانک کمی ، نمی میں اضافہ اور بارو میٹرکپریشر میں تبدیلیاں جوڑوں کے درد کی بنیادی وجوہات بن جاتی ہیں۔

خاص طور پرایسے افراد جنہیں پہلے ہی آرتھرائٹس یا پرانے زخموں کی شکایت ہو۔ ماحولیاتی دباؤ، نمی اور سردی کی وجہ سے جوڑ سوج جاتے ہیں یا سخت ہو جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ نمی کی وجہ سے اعصاب اور پٹھے حساس ہو جاتے ہیں جس سے درد میں اضافہ ہوتا ہے۔ ذیل میں ایسے چند مؤثر اقدامات کے بارے میں بتایا جارہا ہے جنہیں اپنانے سے آپ اس موسم میں جوڑوں کے درد اور سختی کو کم کر کے اپنی روزمرہ زندگی کو آسان بنا سکتے ہیں۔

جوڑوں کے درد کو کم کرنے کے مؤثر طریقے

جوڑوں کو گرم اور ڈھانپ کر رکھیں

سردی اور نمی جوڑوں کے درد کو بڑھا سکتی ہے، اس لیے گرم کپڑے پہنیں اورخاص طور پر گھٹنے اور کمر کو گرم کپڑوں سے ڈھانپیں۔ گرم پیک یا تیل کا مساج بھی مفید ہے۔

فعال رہیں اور روزانہ ہلکی پھلکی ورزش کریں

بارش کے موسم میں حرکت کم ہوتی ہے لیکن گھر کے اندر واک، یوگا اور سٹریچنگ جیسی کم شدت والی سرگرمیاں جوڑوں کی لچک اور خون کی روانی کو بہتر کرسکتی ہیں۔

بارش کے دوران پھسلنے والے مقامات پر تیز ورزش سے بچیں تاکہ چوٹ لگنے کا خطرہ کم ہو۔

ورزش سے پہلے جسم کو گرم کریں اور ہلکی پھلکی سٹریچنگ کریں تاکہ خون کی روانی بہتر ہو اور درد کم ہو۔

وزن برقرار رکھیں

زیادہ وزن گھٹنے اور کولہوں پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے۔ تھوڑا سا وزن کم کرنا بھی درد کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس لیے متوازن غذا اور ورزش سے وزن کنٹرول کریں۔

سوزش کم کرنے والے غذائیں کھائیں

اومیگا-3 فیٹی ایسڈز (اخروٹ، فلیکس سیڈ)، ہلدی، ادرک، سبز پتوں والی سبزیاں اور بیر کھائیں جو سوزش کو کم کرتی ہیں۔ نمک اور پراسیسڈ کھانوں سے پرہیز کریں جو جوڑوں میں سوجن اور پانی جمع ہونے کا باعث بنتے ہیں۔

گرم تیل سے مساج کریں

سرسوں، تل یا ناریل کے تیل سے جوڑوں کا مساج خون کی روانی بہتر بناتا ہے اور پٹھوں کو آرام دیتا ہے۔

درد والے جوڑوں پر گرم پانی کی تھیلی یا کمپریس لگائیں تاکہ سکون ملے۔ ایپسم نمک کے ساتھ گرم غسل بھی پٹھوں کو آرام دیتا ہے اور سختی کو کم کرتا ہے۔

صحیح پوسچر رکھیں

لمبے وقت تک بیٹھنے سے جوڑوں کی سختی بڑھ سکتی ہے۔ ہر 45 منٹ بعد آرام کے لیے وقفہ لیں اور درست طریقے سے بیٹھیں تاکہ جوڑوں پر غیر ضروری دباؤ نہ پڑے۔

غلط بیٹھنے یا سونے کے انداز سے جوڑوں میں درد بڑھ سکتا ہے، اس لیے آرام دہ کرسی اور اچھا گدا استعمال کریں۔

پانی پیئیں

کم پانی پینے سے جوڑوں کے مائع کی چکناہٹ کم ہو جاتی ہے، جس سے جوڑ سخت اور دردناک ہو جاتے ہیں۔ اس لیے پانی یا گرم جڑی بوٹیوں کی چائے کا استعمال کریں۔

گھرمیں نمی کو کنٹرول کریں

نمی درد کو بڑھا سکتی ہے، اس لیے ڈی ہومیڈیفائر استعمال کریں اور کمروں کو ہوا دار رکھیں۔

نوٹ : اگر درد زیادہ ہو یا بار بار ہو تو معالج سے مشورہ کریں تاکہ مناسب علاج کیا جا سکے۔

More

Comments
1000 characters