کیا آپ اکثر دن بھر تھکاوٹ اور سستی محسوس کرتے ہیں؟ ہر وقت غنودگی سی چھائی رہتی ہے اور روزمرہ کے امور کی انجام دہی پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہوجاتا ہےاور آپ سوچتے ہیں کہ شاید رات کی نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے ایسا ہورہا ہے۔
ضروری نہیں ہے کہ صرف نیند کی کمی ہی اس کی وجہ ہو۔ روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی عادتیں بھی ہماری توانائی کو اندر ہی اندرختم کر دیتی ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا جسم اور ذہن دن بھر چاق و چوبند اور تازہ دم رہے، تو اپنی زندگی میں چند بنیادی تبدیلیاں لانی ہوں گی۔
آئیے جانتے ہیں وہ چھ ایسی عادتیں جو آپ کی توانائی کو کمزور کر رہی ہیں اور جنہیں بدل کر آپ اپنی زندگی میں خوشحالی اورمستعدی لا سکتے ہیں۔
ناشتہ چھوڑنا
رات بھر بھوکا رہنے کے بعد ناشتہ آپ کے جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ ناشتہ چھوڑ دینے سے بلڈ شوگر لیول کم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے دن بھر آپ تھکاوٹ اور توجہ کی کمی محسوس کرتے ہیں۔ بہتر ہے کہ ناشتہ میں پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی شامل کریں تاکہ توانائی مستحکم رہے۔
زیادہ اسکرین کے سامنے وقت گزارنا
کمپیوٹر، موبائل اور ٹی وی کی نیلی روشنی نیند کے ہارمون ’میلاٹونن‘ کی پیداوار کو متاثر کرتی ہے، خاص طور پر سونے سے پہلے۔ اس کی وجہ سے نیند خراب ہوتی ہے اور دن میں آپ سستی محسوس کرتے ہیں۔
جسمانی سرگرمی کی کمی
جسمانی ورزش نہ ہونے سے جسم اور دماغ دونوں سست ہو جاتے ہیں۔ دن میں تھوڑی سی چہل قدمی یا ہلکی پھلکی ورزش کرنے سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے اور توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
پانی کی کمی
پانی کی مناسب مقدار نہ پینا تھکاوٹ، سر درد اور توجہ میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ پانی پینا توانائی اور دماغی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے، اس لیے ہائیڈریٹ رہنا ضروری ہے۔
کیفین کی زیادتی
زیادہ کیفین سے عارضی توانائی تو مل جاتی ہے مگر بعد میں توانائی کی کمی کا باعث بھی بنتی ہے۔ کافی یا انرجی ڈرنکس پر انحصار کرنے سے نیند کی کوالٹی متاثرہوتی ہے اور قدرتی توانائی کا توازن بگڑ جاتا ہے۔
نیند کا غیر منظم معمول
نیند کا شیڈول ہر دن مختلف ہونے سے جسم کی حیاتیاتی گھڑی الجھ جاتی ہے۔ باقاعدہ وقت پر سونا اور جاگنا نیند کو بہتر بناتا ہے اور اگلے دن تازگی کا احساس دلاتا ہے۔
یہ چھ عادتیں آپ کی روزمرہ زندگی میں توانائی کی کمی کی بنیادی وجوہات ہیں۔ انہیں بہتر بنا کر آپ اپنی کارکردگی اور خوشحالی میں واضح فرق محسوس کریں گے۔