بیٹے آریامن نے 13 سال کی عمر میں ایک سال تک کمرے میں خود کو بند رکھا، آرچنا پورن سنگھ کا انکشاف
معروف بالی ووڈ اداکارہ آرچنا پورن سنگھ نے اپنے بیٹے آریامن سیٹھی کے ذہنی دباؤ (ڈپریشن) کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
آرچنا پورن سنگھ نے حال ہی میں اپنے بیٹے آریامن سیٹھی کے ولاگ میں ان کے ساتھ گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے اس وقت کا ذکر کیا جب آریامن، جو 13 سال کے تھے، لندن کے بورڈنگ اسکول میں پڑھائی کے دوران ڈپریشن کا شکار ہوئے۔
آریامن شدید ذہنی تناؤ سے گزرتے ہوئے ایک مشکل دور سے گزرے۔ اس دوران ان کا ٹخنہ ٹوٹ گیا تھا، جس کی وجہ سے ان کے خواب بھی ٹوٹنے لگے۔
ماں اور بیٹے نے اپنی گفتگو میں اس ”خواب“ کی تفصیل تو نہیں بتائی لیکن انہوں نے اس دکھ بھری کیفیت کو کھل کر بیان کیا۔
آرچنا نے اپنے بیٹے کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا، ”جب تم لندن میں بورڈنگ اسکول میں تھے، تب تم بیمار ہو گئے۔ یہ میرے لیے بھی ایک بڑا دھچکا تھا۔ اس وقت تمہارا ٹخنہ ٹوٹ گیا تھا اور میں جانتی تھی کہ تمہارے خواب بھی ٹوٹ جائیں گے۔ تمہارا دل ٹوٹ چکا تھا اور تب سے اب تک تم نے بہت کچھ سہہ لیا ہے۔ لوگ صرف تمہیں ہنستا اور خوش دیکھتے ہیں، مگر تمہاری کامیڈی کے پیچھے درد بھی چھپا ہوا ہے۔“
آرچنا نے مزید کہا، ”تم نے اس وقت گہری تاریکی دیکھی، میں نے تمہاری آنکھوں سے زندگی اور خوشی غائب ہوتی دیکھی۔ تم اس دوران ڈپریشن اور انزائٹی کا شکار تھے۔“
آریامن اپنے کالج کے زمانے میں فٹبال کھیلتے تھےاور 2009 میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے تحت ہونے والے نو ممالک کے U-13 ٹورنامنٹ میں بھارت کی نمائندگی بھی کی۔ لیکن جب ان کا ٹخنہ ٹوٹ گیا اور انہیں سرجری کروانی پڑی، تو ان کا فٹبال کھلاڑی بننے کا خواب ختم ہو گیا۔
انہوں نے اپنے اس کٹھن وقت کے بارے میں کہا، ”لوگ سمجھتے ہیں کہ اگر آپ کے پاس پیسہ، گھر اور فیملی ہے تو ذہنی دباؤ کوئی بڑی بات نہیں۔ وہ اسے اصل مسئلہ نہیں سمجھتے۔ میں جانتی ہوں کہ بہت سے لوگوں کی زندگی مجھ سے زیادہ مشکل ہے، مگر میرے لیے وہ وقت بہت مشکل تھا۔“
آرچنا نے بتایا کہ آریامن اس مشکل دور میں کئی مہینے یہاں تک کہ ایک سال تک ایک کمرے میں بند رہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ۔ ”میں نے سوچا کہ تم اس اندھیرے سے باہر نہیں آوگے، مگر میں نے ایک سال اپنے پورے دل سے تمہاری مدد کی اور تمہیں باہر نکالا۔ میں بھی اس دکھ میں تمہاری طرح ہی اداس تھی۔“
آرچنا نے آریامن کی منگیتر، اداکارہ یوگیتا بیہانی کا ذکر بھی کیا اور کہا، ”اب تم بہت خوش ہو اورایک صحیح انسان تمہاری زندگی میں شامل ہوگیا ہے۔ یہ بہت بڑی نعمت ہے۔ میں جانتی ہوں کہ یوگیتا تمہارے لیے کتنی اہم ہے اور تم بھی ان کے لیے۔ تم دونوں کبھی کبھار لڑتے بھی ہو جیسے میں اور تمہارے والد لڑتے ہیں، لیکن محبت اصل میں سچی دوستی ہے۔“
آریامن سیٹھی یوٹیوب پر ”Arry Vlogs“ نامی چینل چلاتے ہیں جہاں وہ فیملی ویڈیوز اور چیلنجز شیئر کرتے ہیں۔ ان کے 90 ہزار سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔
وہ موسیقار اور گیت ساز بھی ہیں اور ضرورت مند طلبہ کو مفت ٹیوشن دیتے ہیں۔
فٹنس کے شوقین آریامن نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ ”ریورس نیپوٹزم“ کا شکار ہیں کیونکہ انہوں نے سو سے زیادہ آڈیشن دیے لیکن انہیں فلم میں جگہ نہیں ملی۔