بالی ووڈ کی چمکتی دمکتی دنیا میں ستاروں کو ایوارڈ شوز میں پرفارم کرنے کے لیے بھاری معاوضے دیے جاتے ہیں۔ لیکن ایسا ہمیشہ سے نہیں تھا۔
ماضی میں ان ایوارڈ شوز میں پرفارم کرنے والے اداکاروں کو معاوضہ کی ادائیگی کا کوئی تصور نہیں تھا اس کے بجائے انہیں اسامیوں یا انعامات کی پیشکش کرکے منوا لیاجاتا تھا۔ یعنی انہیں کسی انعام کا وعدہ کیا جاتا اور وہ اس کے بدلے میں گانا، ڈانس، خاکہ یا ہوسٹنگ کرتے تھے۔ تاہم، ایک واقعہ نے اس روایت میں انقلاب برپا کردیا۔
اس بات کا انکشاف بالی ووڈ سپر اسٹار انیل کپور نے ایک ٹی وی ٹاک شو میں کیا، جب انیل کپور سے میزبان ساجد خان نے پوچھا کہ ”وہ کون سا اداکار تھا جس نے سب سے پہلے ایوارڈ فنکشن میں پرفارم کرنے کے بدلے معاوضہ طلب کیا؟“، تو انیل کپور نے فوراً جواب دیا: ”سلمان خان“۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حالا نکہ وہ خود بھی اسٹیج پر ایسی تقریبات میں پرفارمنس دیتے آئے تھے لیکن انہوں نے کبھی پیسوں کا تقاضہ نہیں کیا تھا، کیونکہ اس وقت انہیں یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ اداکاروں کو ایسے شوز میں شرکت یا پرفارمنس پر معقول معاوضہ دیا جاتا ہے۔
سلمان خان کے ایوارڈ شوز کے تجربات کچھ خوشگوار نہیں رہے۔ چند سال پہلے انہوں نے ایک واقعہ شیئر کیا تھا جس میں انہیں بتایا گیا تھا کہ انہیں ایوارڈ دیا جائے گا لیکن کسی اور کو دے دیا گیا۔
اس ناخوشگوار واقعے کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ اداکاروں کو ایوارڈ فنکشنز میں پرفارم کرنے کے بدلے معاوضہ مل سکتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے بڑے معاوضے کا مطالبہ کیا۔
سلمان نے کہا، “میں ایڈیٹر کا نام نہیں لوں گا، لیکن یہ واقعہ ’میں نے پیار کیا‘ کے فوراً بعد ہوا، آپ خود سمجھ سکتے ہیں کہ کون تھا۔ مجھے فلم فیئر ایوارڈز میں شرکت کرنے کو کہا گیا اور بتایا گیا کہ مجھے ایوارڈ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے والد کے ساتھ وہاں گیا، میرا پورا خاندان بھی موجود تھا۔ جب نامزدگیوں کا اعلان ہوا تو کہا گیا ’بیسٹ ایکٹر سلمان خان…‘ میں کھڑا ہو گیا، لیکن پھر ایک اور نام سنایا گیا۔“
ایوارڈ جیکی شروف کو فلم ’پرندہ‘ کے لیے دیا گیا۔ سلمان نے کہا، ایوارڈ تو مجھے ملنا تھا۔ میرے والد نے کہا، ’یہ کیا ہے؟‘
انہوں نے کہا کہ، میں اس رات پہلی بار پرفارم کرنے والا تھا، تو میں بیک اسٹیج گیا اور کہا کہ یہ غلط ہے، میں ایسا نہیں کر سکتا۔ میں واقعی اس بات کی پرواہ نہیں کرتا کہ جیکی نے ایوارڈ لیا، انہوں نے ’پرندہ‘ میں بہت اچھی ایکٹنگ کی تھی، لیکن میرے ساتھ یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ چونکہ آپ میرے والد کے دوست ہیں، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
سلمان خان پر زور دیا گیا کہ وہ ایوارڈ فنکشن میں پرفارم کریں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پرفارم کریں گے مگر مفت نہیں۔ انہوں نے اپنی پرفارمنس کے لیے معمول کی فیس سے پانچ گنا زیادہ معاوضے کا مطالبہ کیا جسے فورا مان لیا گیا۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ “جب معاوضے کی بات آئی تو انہوں نے معاوضہ بڑھاتے ایک بڑی رقم حاصل کی اور اس بات کی سختی سے درخواست کی گئی کہ یہ راز رہے، جس پر سلمان نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے غلط شخص سے یہ بات کہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اب بالی ووڈ کے بڑےاسٹارز امیتابھ بچن ، سلمان خان، شاہ رخ خان ، رنویر سنگھ، عامر خان، رنبیر کپور اور ریتھک روشن، پریانکا چوپڑا ایوارڈ شوز میں پرفارمنس کے کروڑوں روپے معاوضے کے طور پر لیتے ہیں جس کی بنیاد سلمان خان نے ڈالی تھی۔