بھارتی ریاست کرناٹک میں مرغی نے پہلی بار نیلا انڈا دے کر خوب توجہ حاصل کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع داونگیرے کے گاؤں نالور میں مرغی نے نیلے رنگ کا انڈا دے کر مالک اور علاقہ مکینوں کو حیران کر دیا۔

مرغی کے مالک سید نور جب انڈا لینے پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ انڈے کا رنگ نیلا ہے۔ ان کو اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا کیونکہ یہ پہلی بار تھا، مرغی نے اس سے پہلے کبھی اس رنگ کا انڈا نہیں دیا۔

سید نور نے حیرانی کا اظہار کیا اور وہ مرغی کے مستقبل کے بارے میں بھی فکر مند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ مرغی دو سال قبل ایک تاجر سے خریدی تھی اور یہ سفید یا ہلکے پیلے رنگ کے انڈے دیتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ میرے پاس کُل 10 مرغیاں ہیں لیکن کسی نے نیلے رنگ کا انڈا نہیں دیا۔

جب یہ خبر گاؤں میں پھیلی تو مکینوں کی بڑی تعداد سید نور کے گھر کے باہر نایاب انڈا دیکھنے کیلئے جمع ہوگئی۔

محکمہ مویشی کے افسران جب سید نور کے گھر پہنچے تو انہوں نے بھی غیر معمولی واقعے پر حیرانی کا اظہار کیا۔

انہوں نے مالک سے مرغیوں کی خوراک کے بارے میں پوچھا تو سید نور نے بتایا کہ میں انہیں وہی خوراک دیتا ہوں جو عام ہے۔

سید نور نے نایاب انڈا سنبھال کر رکھا ہے جبکہ متعلقہ حکام اس بارے میں جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ غیر معمولی واقعہ کیسے پیش آیا۔

More

Comments
1000 characters