بالی ووڈ میں کامیاب ہونا آسان نہیں ہوتا، لیکن اگر قسمت ساتھ دے تو کوئی بھی شخص زمین سے اٹھ کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچ سکتا ہے ۔ اس تصویر میں جو بچہ دائیں طرف نظر آ رہا ہے، اس کی کہانی بھی ایسی ہی ہے۔ اس کے والد نے اس کے مستقبل کے لیے ایک فیصلہ کیا تھا، لیکن قسمت نے کچھ اور ہی راہ چنی۔
والد چاہتے تھے کہ وہ بھی ان کی طرح درزی بنے۔ لیکن بیٹے نے بڑے خواب دیکھے، بمبئی جا کر فلمی دنیا میں اپنا مقام بنایا۔ اس بچے نے والد کے خوابوں کو پیچھے چھوڑ کر اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے محنت کی اور فلموں میں ولن کا کردار ادا کر کے ‘کرائم ماسٹر گوگو’ کے طور پر مشہور ہو گیا۔ کیا آپ جانتے ہیں یہ بچہ کون ہے؟ یہ معروف بالی ووڈ اداکار شکتی کپور ہیں۔
72 سالہ شکتی کپور نے اپنے کیریئر کا آغاز 1977 میں فلم ’کھیل کھلاڑی‘ سے کیا تھا۔ شکتی کپور کا اصل نام سنیل سندر لال کپور تھا۔ ان کے والدین نے انہیں یہ نام دیا تھا، مگر فلمی دنیا میں پہلے ہی اس نام کا ایک بڑا ستارہ موجود تھا، اس لیے انہوں نے اپنا نام بدل لیا۔
شکتی کپور کا تعلق دہلی کے معروف علاقے کرول باغ سے ہے جہاں ان کے والد کا ایک درزی کا کاروبار تھا۔ ان کے والد چاہتے تھے کہ شکتی بھی خاندان کے کاروبار کو سنبھالیں۔ لیکن شکتی کپور نے اداکاری کا خواب دیکھا۔
ان کے والد کو یہ پیشہ بالکل پسند نہیں تھا۔ ان کی والدہ خاص طور پر اس وقت ناراض ہو جاتی تھیں جب وہ ولن کا کردار ادا کرتے تھے۔ اداکاری کو انسانیت کا دشمن سمجھ کر، ان کی والدہ فلم کے درمیان ہی تھیٹر چھوڑ کر چلی جاتی تھیں اور بعد میں شکتی کپور پر ناراضگی ظاہر کرتی تھیں۔
شروعاتی دنوں میں شکتی نے چند فلموں میں معمولی کردار ادا کیے اور ایک اشتہار سے 13,000 روپے کمائے۔ مگر اصل پہچان انہیں فلم ”قربانی“ سے ملی جو ان کی زندگی کا نقطہ انقلاب ثابت ہوئی۔
”قربانی“ میں ونود کھنہ، امریش پوری، زنیت امان، امرجد خان اور دیگر بڑے فنکار بھی شامل تھے۔ یہ فلم باکس آفس پر بہت بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی اور اس نے تقریباً 25 کروڑ روپے کمائے جبکہ اس کا بجٹ صرف 2.5 کروڑ تھا۔
آج شکتی کپور کی مجموعی مالیت تقریباً 225 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے اپنی فلمی زندگی میں متعدد ولن کردار ادا کیے جو ان کی پہچان بن گئے۔
شکتی کپور نے نہ صرف ولن بلکہ مزاحیہ کردار بھی نبھائے اور اپنی خاص شناخت بنائی۔انہوں نے کئی دہائیوں تک بالی وڈ میں کام کیا اور ہر نسل کے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔
آج بھی شکتی کپور فلمی صنعت میں سرگرم ہیں اور ان کی بیٹی شردھا کپور بھی بالی ووڈ کی ایک معروف اداکارہ ہیں۔