کیا آپ نے کبھی دفتر کے پینٹری میں بیٹھ کر بسکٹ، کافی مشین اور مائیکروویو کی مدد سے ایک مزیدارڈیزرٹ تیار کرنے کا سوچا ہے؟ اگر نہیں، تو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ دلچسپ ویڈیو آپ کو حیران کر سکتی ہے۔

انسٹاگرام پر ایک صارف نے ایک مختصر لیکن منفرد ریل شیئر کی ہے جس میں وہ دفتر میں دستیاب عام اشیاء کے ذریعے ایک چاکلیٹی میٹھا (ڈیزرٹ) بناتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ آسان ترکیب اور منفرد انداز نے ناظرین کی توجہ کھینچ لی ہے، اور اب تک 75 لاکھ سے زائد ویوز حاصل کر چکی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص چاکلیٹ کریم بسکٹ توڑ کر چائے کے ایک خالی کپ میں ڈالتا ہے۔ پھر وہ دفتر کی کافی مشین سے گرم دودھ کپ میں شامل کرتا ہے۔ اس کے بعد کچھ چینی کے ساشے اس میں ملا کر اچھی طرح ہلایا جاتا ہے تاکہ بسکٹ دودھ میں گھل جائے۔

اب اس کپ کومائیکروویو میں رکھ دیا جاتا ہے اور چند لمحوں بعد جب کپ باہر آتا ہے تو اس میں ایک نرم و ملائم کیک جیسا آمیزہ تیار نظر آتا ہے جو کپ کی سطح تک پھول چکا ہوتا ہے۔

لیکن ابھی کچھ اور کرنا بھی باقی ہے۔ میٹھے کو حتمی ٹچ دینے کے لیے وہ شخص اوپر سے ملک اور وائٹ چاکلیٹ کے بار کے ٹکڑے ڈال دیتا ہے اور ایک بار پھر کپ کو مائیکروویو میں رکھ کر چاکلیٹ کو پگھلا دیتا ہے۔

انسٹاگرام صارفین کی جانب سے ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے گئے۔ کسی نے اسے ایک لاجواب آئیڈیا قرار دیا، تو کسی نے اس میٹھے کو ”شوگر بم“ کہہ کر خبردار کیا۔

اگرچہ یہ میٹھا جلدی تیارہوجاتا ہے اور ذائقہ دار لگتا ہے، مگر کئی صارفین نے اس میں موجود چینی کی مقدار پر سوال اٹھایا ہے۔

طبی ماہرین کا بھی ماننا ہے کہ اعتدال میں رہ کر ہی ایسی چیزوں سے لطف اندوز ہونا چاہیے، خاص طور پر اگر آپ دفتر میں بیٹھ کر بیٹھے بیٹھے طرزِ زندگی گزار رہے ہوں۔

کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ”دفتر میں اتنی فرصت کہاں!“ تو کچھ نے کہا، ”بس دیکھ کر ہی شوگر بڑھ گئی۔“

ایک صارف نے لکھا، ”کبھی کبھی زندگی میں تھوڑا میٹھا ہونا بھی ضروری ہے، مزے کرو!“

More

Comments
1000 characters