ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کے بعد، اب کون سا اداکار فردوس جمال کی تنقید کے نشانے پر؟
فردوس جمال نے ماضی کے مشہور فلمی اداکار شاہد کو ایکٹر ماننے سے انکار کردیا۔
فردوس جمال کا شمار پاکستان کے سینئر اور تجربہ کار اداکاروں میں ہوتا ہے۔ پی ٹی وی کے سنہری دور سے کیریئر کے بام عروج پر پہنچنے والے فردوس جمال نے درجنوں یادگار ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور متعدد اعزازات اپنے نام کیے۔
تاہم حالیہ برسوں میں وہ اپنے ہم عصر فنکاروں پر تنقید کی وجہ سے خبروں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ چاہے وہ ماہرہ خان ہوں یا ہمایوں سعید، فردوس جمال کی بے لاگ گفتگو نے کئی تنازعات کو جنم دیا۔
اب ایک نئے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے، انہوں نے نہ صرف اپنی زندگی اور فنی سفر کے بارے میں تفصیل سے بات کی بلکہ پاکستان فلم انڈسٹری کے ماضی کےمقبول اداکار شاہد پر بھی کھل کر تنقید کی ان کے تازہ تبصروں نے ایک بار پھر شوبز حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
فردوس جمال نے حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی فلم اسٹار شاہد کی اداکاری کو سمجھ نہیں پائے۔ ان کے بقول، شاہد ایک پرکشش اور وجیہہ شخصیت کے مالک ضرور ہیں، لیکن ان کے نزدیک وہ ”اداکار“ کہلانے کے قابل نہیں۔
فردوس جمال نے مزید کہا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ شاہد کو صفِ اول کے اداکاروں میں کیوں شمار کیا جاتا رہا، کیونکہ ان کے مطابق کسی بھی فنِ اداکاری کی کتاب میں شاہد کا نام درج نہیں ہوسکتا۔
جب میزبان نے دوبارہ اس بات پر زور دیا کہ شاہد کو اپنے دور کے عظیم فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے اور جب بھی پاکستان فلم کی سنہرا دور یاد کیا جاتا ہے تو ندیم اور وحید مراد کے ساتھ شاہد کا نام بھی ضرورآتا ہے۔ تو فردوس جمال نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ”رنگیلا“ بھی اُسی دور کی یادگار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہد دراصل ایک ”حادثہ“ ہیں، اور حادثات تو کہیں بھی اور کسی وقت بھی پیش آ سکتے ہیں۔ فردوس جمال کے مطابق، وہ شاہد کے کیریئر کو بھی اسی زاویے سے دیکھتے ہیں۔ یعنی یہ کوئی باقاعدہ فن یا محنت کا نتیجہ نہیں بلکہ محض ایک اتفاق تھا۔
فردوس جمال کےیہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب وہ اپنے متنازع جملوں کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور مختلف اداکاروں پر کھل کر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔