پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کے گھر بیٹی کی ولادت ہوئی ہے جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر شاداب خان نے اس حوالے سے پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بیٹی کی پیدائش کی اطلاع اپنے مداحوں کے ساتھ شئیر کی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ الحمدللہ، اللہ نے ہمیں ایک خوبصورت بیٹی کی صورت میں پہلی اولاد عطا کی ہے۔ اس نعمت پر اللہ کا شکر گزار ہوں، ہمیں اس نئے سفر کے آغاز میں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
شاداب خان کی طرف سے پوسٹ کردہ تصویر میں نومولود کے ننھے پیر نظر آرہے ہیں۔
بیٹی کی پیدائش پر قومی آل راؤنڈر شاداب خان کے سسر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے نانا بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ثقلین مشتاق نے بھی ایکس پر اپنی نواسی کو گود میں لیے ہوئے تصویر لگاکر خوشی کا اظہار کیا۔ تاہم تصویر میں نومولود کا چہرہ نظر نہیں آرہا۔
واضح رہے کہ شاداب خان جنوری 2023 میں قومی ٹیم کے سابق کوچ اور مایہ ناز اسپنر ثقلین مشتاق کی بیٹی کیساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔