بھوجپوری فلم انڈسٹری میں ایک نیا تنازع زیرِ بحث بن گیا ہے، جہاں معروف گلوکار و اداکار پَون سنگھ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں ساتھی اداکارہ انجلی راگھو کو نامناسب انداز میں چھوا اور مزاق کیا۔

یہ واقعہ پَون سنگھ کے نئے گانے ’سَیّاں سیوا کرے‘ کی پروموشنل تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں انجلی سنہری ساڑھی میں موجود تھیں۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انجلی شرکا سے بات کر رہی تھیں کہ اچانک پَون سنگھ نے ان کی کمر کو چھوا اور کہا کہ ’آپ کی کمر پر کچھ لگا ہوا ہے‘۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو نے شدید غم و غصہ پیدا کیا۔ صارفین نے پَون سنگھ کے رویے کو شرمناک اور گھناؤنا قرار دیا اور کہا کہ ایسے رویے نہ صرف خواتین کی عزت مجروح کرتے ہیں بلکہ پوری بھوجپوری انڈسٹری کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

انجلی راگھو کا ردعمل

اداکارہ نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر لائیو سیشن کرتے ہوئے کہا، ’مجھے بہت افسوس ہے کہ ایسا ہوا۔ پچھلے دو دن سے میں کافی پریشان ہوں۔ میں اسٹیج پر پَون کے مداحوں کے بیچ کھڑی تھی، سب انہیں بھگوان کہہ رہے تھے۔ ان کی حرکت پر مجھے شدید غصہ اور رونا آیا لیکن اس ماحول میں کچھ نہیں کر سکتی تھی۔ اگر میں کسی اور جگہ ہوتی تو ضرور جواب دیتی۔ اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں بھوجپوری فلم انڈسٹری میں مزید کام نہیں کروں گی۔‘

پَون سنگھ کی وضاحت

دوسری جانب پَون سنگھ نے انجلی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے میں میڈیا نہیں دیکھ سکا، لیکن جب مجھے اس واقعے کا پتہ چلا تو انتہائی افسوس ہوا۔ میری نیت بالکل غلط نہیں تھی۔ ہم فنکار لوگ ہیں لیکن پھر بھی اگر میری کسی بات یا عمل سے آپ کو برا لگا ہو تو میں معافی چاہتا ہوں۔‘

انجلی راگھو ٹی وی، ماڈلنگ اور میوزک کے حوالے سے اپنی ایک پہچان رکھتی ہیں۔ متعدد ماڈلنگ ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ نے حالیہ تنازع کے باعث بھوجپوری شعبے سے اپنی علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

More

Comments
1000 characters