پاکستانی گلوکار و اداکار ’اذان سمیع خان‘ نے حال ہی میں اپنے والد، معروف گلوکار ’عدنان سمیع‘ کے ماضی کے فیصلوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کا سامنا کرنے پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بار بار ’غدار کا بیٹا‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے جو ان کے لیے نہایت تکلیف دہ ہے۔
اداکار نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا، ’کیا مجھے ساری زندگی اپنی حب الوطنی ثابت کرنی پڑے گی؟ میں ایک محبِ وطن خاندان سے تعلق رکھتا ہوں اور پاکستان سے بے پناہ محبت کرتا ہوں۔‘
اذان سمیع خان نے اپنے والد کے ساتھ تعلق کو تین پہلوؤں میں بیان کیا، اور کہا کہ ایک فنکار کے طور پر ان کی صلاحیتوں کو سمجھنا، ایک بیٹے کے طور پر ان سے محبت اور احترام رکھنا اور حالات نے انہیں دنیا کی حقیقت سمجھنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے بتایا کہ عدنان سمیع ایک حساس فنکار ہیں جنہیں سیاسی حالات کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر انہوں نے بھارتی شہریت اختیار کی۔ تاہم اذان نے واضح کیا، ’میں اپنے والد کا دفاع نہیں کر رہا، میں صرف انہیں سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔‘
اذان نے کہا کہ انہیں کئی بار یہ دباؤ بھی کیا گیا کہ وہ اپنے والد کے خلاف کھل کر بات کریں، لیکن انہوں نے ہمیشہ انکار کیا۔ میں اپنے والد سے دل کی گہرائیوں سے محبت کرتا ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں، جیسا کہ میرا ایمان مجھے سکھاتا ہے۔ میں ہمیشہ ان کا بیٹا رہوں گا۔
انہوں نے اپنی والدہ اور سینئر اداکارہ ’زیبا بختیار‘ کے بارے میں کہا کہ وہ ان کی سب سے بڑی نقاد ہیں۔ ’ہر ڈرامے کے بعد میں ان کی رائے ضرور لیتا ہوں اور اسے سنجیدگی سے لیتا ہوں۔‘