بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری نے بالآخر اپنی خفیہ شادی کے بعد شوہر ٹونی بیگ کے ساتھ پہلی بار ایک تقریب میں انٹری دے دی۔
ممبئی کے نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر (NMACC) میں ”وزٹ قطر“ اور سینٹر کی شراکت داری کے موقع پر ہونے والی تقریب میں نرگس نے اپنے شوہر کے ہمراہ ریڈ کارپٹ پر شرکت کی۔
ان کے ساتھ معروف ڈائریکٹر و کوریوگرافر فرح خان بھی موجود تھیں جنہوں نے نرگس کو مخاطب کرتے ہوئے ٹونی کو بھی پوز کے لیے ساتھ بلایا اور مذاقا کہا اپنی بیوی کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ، یہ جملہ سن کر تقریب میں موجود افراد بھی مسکرا ئے بغیر نہ رہ سکے۔
نرگس نے کیمروں کے سامنے مسکراتے ہوئے چند لمحے گزارے، پھر ٹونی اور فرح کو میڈیا کے لیے پوز کرنے کا موقع دیا، جس سے اداکارہ کی شادی کی خبریں ایک بار پھر تصدیق کے ساتھ سامنے آگئیں۔
یہ لمحہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا اور سوشل میڈیا پر مداحوں نے جوڑی کو ”کیوٹ کپل“ قرار دیا۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق نرگس فخری اور امریکا میں مقیم کشمیری نژاد بزنس مین ٹونی بیگ نے رواں سال فروری میں شادی کی تھی۔
دونوں تقریباً تین سال سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔ شادی کی تقریب کیلیفورنیا میں نہایت نجی نوعیت کی رکھی گئی جس میں صرف قریبی عزیز و اقارب شریک ہوئے۔ جوڑے نے میڈیا کو دور رکھا تاکہ کوئی تصویر لیک نہ ہو۔ شادی کے بعد دونوں نے سوئٹزرلینڈ میں ہنی مون منایا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ماہ قبل سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں ”ہیپی میریج“ لکھے ہوئے کیک پر ”NF“ اور ”TB“ کے ابتدائی حروف درج تھے۔ اسی دوران نرگس نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ڈائمنڈ رنگ بھی فخر سے دکھائی تھی جس کے بعد مداحوں کو شک ہوا کہ اداکارہ نے خفیہ شادی کرلی ہے۔
تقریب کے دوران ٹونی بیگ نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے فرح خان کی تعریف کی کہ ”آپ اتنی خوبصورت کیسے لگتی ہیں؟“ جس پر فرح نے جواب دیا: ”یہ سب آپ اور نرگس کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ہے۔“
نرگس اور ٹونی کی ریڈ کارپٹ موجودگی نے ان کی شادہ کی تصدیق کردی اور مداح بھی خوش ہوگئے جو ایک عرصے سے اس سوال کے جواب کے منتظر تھے۔