شنگھائی میں منعقد ہونے والی ایشیا پیٹ ایکسپو میں ایک چینی شہری نے اپنے میکسیکن کتے کی پشت اور ٹانگوں پر ڈریگن اور ٹائیگر کے ٹیٹو بنوانے پر تنقید کی زد میں ہے۔
چین کے شہر شنگھائی میں ہونے والے 27ویں ایشین پیٹ شو کے دوران، ایک میکسیکن نسل کے بغیر بالوں والے کتے کی پیٹھ پر مکمل ٹیٹو دیکھ کر شرکاء حیران رہ گئے۔ کتے کے مالک کا دعویٰ تھا کہ ٹیٹو بنوانے کے دوران پالتو جانور کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی۔
چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کتے کی پیٹھ پر رنگین ٹیٹو بنایا گیا ہے، جو جاپانی یاکوزا انداز میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تصاویر شنگھائی نیو انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر میں ہونے والے پیٹ شو کے دوران لی گئیں، جہاں یہ کتا توجہ کا مرکز بنا رہا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کتے کے مالک نے نہ صرف ٹیٹو فخر سے دکھایا بلکہ یہ بھی کہا کہ یہ حقیقی ٹیٹو ہے، اور اس کے پالتو جانور کو بے ہوشی کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ وہ درد برداشت کر سکتا ہے۔
تصاویر میں واضح ہے کہ میکسیکن نسل کے اس کتے کی پیٹھ پر ایک ڈریگن کا چہرہ بنایا گیا ہے، جس کا جسم کتے کی پوری پشت پر پھیلا ہوا ہے اور اس کے اگلے پنجوں تک جا رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کتے کے اگلے پنجے پر ایک بڑی سونے کی چین اور کلائی پر گھڑی بھی پہنائی گئی ہے۔
یہ معاملہ جانوروں سے محبت کرنے والے افراد میں شدید غصے کا سبب بن گیا ہے، جنہوں نے جانور پر ٹیٹو بنانے کو ظلم قرار دیا ہے۔
اس واقعے پر جانوروں سے محبت کرنے والے افراد میں شدید غصہ پایا گیا، جن میں سے بہت سے لوگوں نے کتے کے مالک سے معافی کا مطالبہ کیا اور پیٹ شو کے منتظمین سے وضاحت طلب کی کہ آیا “ ٹیٹو والے کتے“ کو واقعی نمائش میں توجہ حاصل کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا یا نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے نقطۂ نظر سے پالتو جانوروں کے لیے ایسا کوئی تصور نہیں ہے جسے ”بے درد اور محفوظ ٹیٹو“ کہا جا سکے، کیونکہ کتوں کی جلد انسانوں کی نسبت زیادہ پتلی اور ان کے اعصاب زیادہ گنجان ہوتے ہیں۔
ایک ٹیٹو آرٹسٹ نے بتایا کہ ”جن حصوں کی جلد پتلی ہوتی ہے، جیسے کہ کلائی، وہاں درد کی شدت زیادہ ہوتی ہے کیونکہ ان حصوں کے نیچے چربی اور پٹھوں کی مقدار کم ہوتی ہے جبکہ اعصابی سرے زیادہ ہوتے ہیں۔ اس لیے پتلی جلد پر ٹیٹو بنوانا زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے۔“
تائیوانی خبر رساں ادارے ای بی سی کے مطابق، کتے کے مالک نے شنگھائی ایشین پیٹ شو میں موجود افراد کو بتایا کہ وہ ان کے پالتو جانوروں پر بھی 2,000 سے 3,000 یوآن (تقریباً 280 سے 420 امریکی ڈالر) میں ٹیٹو بنوا سکتا ہے، جس سے جانوروں کے حقوق کے کارکنان مزید برہم ہو گئے۔