بھارتی فلمی گھرانے سے تعلق رکھنے والی کپور فیملی کی چشم وچراغ اوربالی ووڈ کی مشہور اور خوبرو اداکارہ کرشمہ کپور کی کہانی میں کامیابی اور ناکامی، خوشی اور غم سب شامل ہیں۔ ایک طرف فلمی دنیا میں ان کا ستارہ آج بھی جگمگا رہا ہے، تو دوسری طرف ذاتی زندگی نے انہیں کئی بار آزمایا۔ منگنی کا ٹوٹنا، شادی کی تلخیاں اور اب سابق شوہر کی موت کا اچانک المیہ، یہ سب اس بات کا ثبوت ہے کہ قسمت کبھی کسی کے ساتھ نرم تو کبھی نہایت کڑی ہو سکتی ہے۔

کرشمہ کپور اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں جب ان کی منگنی اُبھرتے ہوئے اداکار ابھیشیک بچن سے ہوئی۔ بچن خاندان کی بہو بننے کی خبروں نے نہ صرف فلم انڈسٹری بلکہ مداحوں کو بھی جوش و خروش میں ڈال دیا تھا۔ جیا بچن نے تو کرشمہ کو ایک تقریب میں اپنی ”آئندہ بہو“ تک کہہ دیا۔ لیکن چند ہی ماہ بعد یہ منگنی اچانک ختم ہوگئی اور دونوں خاندانوں نے ہمیشہ خاموشی اختیار کی۔

منگنی ٹوٹنے کی اصل وجہ دونوں خاندانوں نے ہمیشہ نجی ہی رکھی اور کبھی عوامی سطح پر بیان نہ کی۔ اس کے باوجود، کرشمہ نے خود اس دور کو اپنی زندگی کا ایک ”صدمہ خیز“ مرحلہ قرار دیا اور کہا کہ وہ کسی لڑکی کے لیے ایسی کیفیت کی خواہش بھی نہیں کرتیں۔

2003میں ریڈف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے پردے کے پیچھے چلے جانے کے اپنے فیصلے پر روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق یہ ایک سوچا سمجھا قدم تھا: ”میں نے خود کو ایک خول میں سمیٹ لیا۔ میں اپنے غم کو سب کے سامنے لانے کے لیے تیار نہیں تھی۔ میں نے باوقار خاموشی کو ترجیح دی کیونکہ میری فطرت ہی ایسی ہے۔ میں ہمیشہ کم بولنے والی عورت رہی ہوں۔“

انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ ان کی زندگی کے سب سے مشکل ادوارمیں سے ایک تھا۔ انہوں نے کہا، مجھے اپنے دکھ اور تکلیف کا سامنا اکیلے ہی کرنا پڑا۔ وقت سب سے بڑا مرہم ہے اور اگرچہ میں نے بہت کچھ برداشت کیا، لیکن اب جو کچھ ہوا اسے قبول کر چکی ہوں۔ میری نظر میں جو مقدر میں لکھا ہوتا ہے وہی ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ، اس وقت میں اپنے مسائل کا سامنا کرنے کے لیے جذباتی طور پر تیار نہیں تھی۔ زندگی ہمیشہ مختلف پتے بانٹتی ہے اور انسان کو بس اسی کھیل کے ساتھ چلنا پڑتا ہے۔

یہ افواہیں بھی گردش کرتی رہیں کہ منگنی ٹوٹنے کی وجہ کرشمہ کی والدہ اور سابقہ اداکارہ ببیتا کپور اور بچن خاندان کے درمیان اختلافات تھے، لیکن کرشمہ نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ اصل سہارا انہیں اپنے خاندان سے ملا۔ ان کے بقول: ”اگر میرے والدین ، بہن ، دادی جی ، میری دونوں پھوپھیاں اور میرے قریبی دوست نہ ہوتے تو میں کبھی اس صدمے سے باہر نہ آ پاتی۔“

وقت گزرنے کے ساتھ کرشمہ نے اپنی زندگی کو نئی راہ دی اور ستمبر 2003 معروف بزنس مین سنجے کپور سے شادی کرلی۔ یہ شادی بالی ووڈ کی سب سے بڑے تقریبات میں شمار ہوئی، جس میں چمک دمک اور روایت دونوں شامل تھے۔یہ رشتہ ایک دہائی سے کچھ زیادہ عرصہ چلا اور ان کے دو بچے بھی ہوئے، بیٹی سمائرا اور بیٹا کیان۔ لیکن بالآخر دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں۔

مزید صدمہ اس وقت پہنچا جب 12 جون 2025 کو 53 سالہ بزنس ٹائیکون سنجے کپور لندن میں ایک پولو میچ کے دوران شہد کی مکھی نگلنے سے شدید الرجی اور دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔

یہ خبر دنیا بھر میں ہلچل کا باعث بنی کیونکہ وہ نہ صرف بھارت بلکہ بین الاقوامی کاروباری حلقوں میں بھی بڑا نام تھے۔ دلچسپ اتفاق یہ کہ اپنی موت سے کچھ ہی روز قبل سنجے نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام لکھا تھا:

”زندگی محدود ہے، ‘اگر’ اور ‘کاش’ فلسفیوں کے لیے چھوڑ دیں…“

ان کے یہ الفاظ آج ایک دردناک حقیقت کی طرح گونج رہے ہیں۔

ان کی وفات کے بعد کرشمہ اپنی اولاد کے ساتھ دہلی پہنچیں جہاں آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اس موقع پر ان کی بہن کرینہ کپور اور بہنوئی سیف علی خان بھی ان کے ساتھ تھے۔

More

Comments
1000 characters