بالائی کو زیادہ دیر تک سنبھال کر رکھنے سے گھر کا بنایا ہوا گھی خراب ہوسکتا ہے۔ یہ جاننا انتہائی ضروری ہے کہ بالائی فریج میں کتنے دن تک تازہ رہتی ہے اور وہ ایک بڑی غلطی کون سی ہے جس سے ہر حال میں بچنا چاہیے؟
اکثر آپ نے اپنے گھر کی بزرگ خواتین کو دودھ سے بالائی اتارتے اور اسے بعد میں استعمال کے لیے سنبھالتے دیکھا ہوگا۔ یہ بالائی صرف مزیدار پکوانوں میں ہی استعمال نہیں ہوتی بلکہ خالص گھریلو گھی بنانے کی اصل بنیاد بھی یہی ہے۔
لیکن اصل سوال یہ ہے کہ بالائی کو کتنے عرصے تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور گھی نکالنے کا درست وقت کون سا ہے؟
اگر بالائی کو صحیح طریقے سے محفوظ نہ کیا جائے تو یہ خراب ہوسکتی ہے اور اس سے بننے والے گھی کے ذائقے اور معیارمیں فرق آجاتا ہے۔
عام طور پر فریج میں رکھی گئی بالائی 7 سے 10 دن تک تازہ رہتی ہے، اس کے بعد یہ کھٹاس پکڑ لیتی ہے اور اس کی خوشبو بھی متاثر ہونے لگتی ہے۔
بہترین ذائقے اور مہک کے لیے بہتر ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ہی گھی نکال لیا جائے۔ بالائی ہمیشہ ایئر ٹائٹ ڈبے میں رکھیں تاکہ فریج کی دوسری خوشبوئیں اس میں جذب نہ ہوں۔
اگر زیادہ دنوں کے لیے ذخیرہ کرنا ضروری ہو تو بالائی کو فریز کیا جا سکتا ہے جو تقریباً 20 سے 25 دن تک قابل استعمال رہتی ہے، لیکن یاد رہے کہ زیادہ پرانی بالائی سے بننے والا گھی اپنی اصل خوشبو اور لذت کھو دیتا ہے۔
گھی نکالنے کا مناسب وقت
بالائی سے گھی نکالنے کا سب سے اچھا وقت وہ ہے جب یہ ہلکی سی کھٹی یا گاڑھی ہونے لگے۔ یہ قدرتی اشارے ہیں کہ بالائی گھی بنانے کے لیے تیار ہے۔
اگر اس میں بدبو پیدا ہونے لگے یا رنگت پیلی ہو جائے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ بالائی خراب ہونے کے قریب ہے، ایسے میں فوری طور پر گھی نکال لینا چاہیے، ورنہ تیار ہونے والا گھی استعمال کے قابل نہیں رہتا۔
خالص اور تازہ گھی کے لیے بہترین طریقہ
جو لوگ روزانہ دودھ سے بالائی جمع کرتے ہیں، ان کے لیے سب سے بہتر یہی ہے کہ ہر 7 سے 10 دن میں گھی نکال لیا جائے۔ اس سے نہ صرف ذائقہ اور خوشبو بہتر رہتی ہے بلکہ بالائی کے خراب ہونے کا خدشہ بھی کم ہو جاتا ہے۔
اگر زیادہ تازگی چاہیے تو ہر تین یا چار دن بعد بھی گھی بنایا جا سکتا ہے۔ یہ طریقہ نسبتاً آسان ہے اور گھر میں ہمیشہ تازہ اور خالص گھی موجود رہتا ہے۔