سدھارتھ شکلا کی چوتھی برسی پر جہاں مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پسندیدہ اداکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا، وہیں شہناز گل کی کسی قسم کا پیغام یا پوسٹ نہ کرنے پرصارفین کی ایک بڑی تعداد نے اداکارہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ستمبر 2021 کا دن بھارت کی شوبز انڈسٹری میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جب لاکھوں مداحوں نے اپنے پسندیدہ اداکار کو ہمیشہ کے لیے کھو دیا تھا۔
اسی دن بگ باس 13 کے فاتح اور مقبول اداکار سدھارتھ شکلا کی دل کا دورہ پڑنے کے باعث اچانک موت ہوگئی تھی۔ ان کی اچانک موت نے مداحوں کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔
ہر سال اس دن ان کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر ان کی یاد میں جذباتی پیغامات اور تعزیتی نوٹس لکھتے ہیں، لیکن رواں برس یعنی 2 ستمبر 2025 کو ان کی قریبی ساتھی شہناز گل نے اس موقع پر کوئی پوسٹ یا پیغام شیئر نہ کیا۔ نہ انسٹاگرام اسٹوری اور نہ ہی ٹویٹر پر کوئی ذکر، ان کی یہ خاموشی مداحوں کے ایک بڑے طبقے کو سخت مایوس کر گئی۔
کچھ صارفین نے تبصرہ کیا، ”شرم آنی چاہیے، آپ نے سدھارتھ کو کیسے بھلا دیا“۔ ایک اور شخص نے لکھا، ”موت کو جذباتی دکھاوے کے لیے استعمال کیا اور پھر بھول گئے۔“
جہاں کچھ لوگ شہناز پر غصہ نکالتے نظر آئے، وہیں ان کے حامیوں نے دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھنے اور غم منانے کا طریقہ ہر انسان کا ذاتی معاملہ ہے۔ ان کے مطابق اگر شہناز نے سدھارتھ کو پوسٹ کے ذریعے یاد کیا ہوتا تو لوگ انہیں شہرت حاصل کرنے یا ہمدردی سمیٹنے کا طعنہ دیتے۔
بہت سے مداحوں نے یاد دلایا کہ شہناز نے ہمیشہ اپنے کام اور زندگی میں سدھارتھ کے اثرات کو مثبت انداز میں سمیٹا ہے، اس لیے خاموشی کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔
یاد رہے کہ بگ باس 14 میں شہناز اور سدھارتھ کی دوستی اور معصوم نوک جھونک نے دونوں کو ”سدناز“ کے نام سے بے پناہ مقبولیت دلائی۔ ان کے تعلقات اتنے گہرے تھے کہ اکثر یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ دونوں دسمبر 2021 میں شادی کرنے والے تھے۔
کام کے محاذ پراداکارہ اس وقت اپنی نئی فلم اک کُڑی کی پروموشن میں مصروف ہیں، جس کی ریلیز 19 ستمبر کو طے ہے۔ اس فلم کے گانے وین اینڈ ویئر میں شہناز نے مشہور ریپر ہنی سنگھ کے ساتھ کام کیا ہے، جو پہلے ہی شائقین کی توجہ حاصل کر چکا ہے۔