بالی وُڈ کی مقبول ترین فرنچائز ’ڈان‘ ایک بار پھر خبروں میں ہے۔
’ڈان 3‘ کے اعلان کے بعد سے ہی فلم کے کاسٹ اور اسکیل پر مسلسل قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ اب تازہ اطلاعات کے مطابق فلم سازوں نے ماضی میں ڈان کا کردار نبھانے والے دو بڑے سپر اسٹارز امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کو بھی اس پراجیکٹ میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔ اگر یہ ممکن ہوا تو پہلی بار تین نسلوں کے ڈان امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور رنویر سنگھ ایک ہی اسکرین پر نظر آئیں گے۔
انڈیا ٹو دے کے مطابق انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان دونوں ہی اس آفر پر غور کر رہے ہیں، تاہم ابھی تک کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ شائقین نہایت پرجوش ہے کیونکہ اس سے فرنچائز ایک یادگار سینما ایونٹ بن سکتی ہے۔
1978 میں ڈائریکٹر چندرباروٹ کی فلم ڈان میں ابتدا میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اسے سلیم جاوید نے لکھا تھا۔ 1978 کی اس فلم کے بعد، فرحان نے 2006 میں شاہ رخ خان کو ہیرو بنا کر اس کی ری میک بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے 2011 میں اس کا سیکوئل بنایا۔ فرحان اختر نے اس کہانی کو نئے دور کے مطابق پیش کیا اور شاہ رخ خان نے اس کردار کو نئی زندگی دی۔
اب رنویر سنگھ کو فرنچائز کا نیا چہرہ قرار دیا گیا ہے اور ’ڈان 3‘ کو پہلے سے زیادہ بڑے بجٹ اور بولڈ انداز میں بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
فرحان نے راج شمّانی کے یوٹیوب چینل پر ایک گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے فلم میں رنویر کو کیوں کاسٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ“جس قسم کا اسکرپٹ ہم لکھ رہے تھے اور جس طرح میں اسے پیش کرنا چاہتا تھا اس میں ایک نئی نسل کے اداکار کی ضرورت تھی۔
فلم کے بارے میں کئی ماہ سے افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ کبھی کہا گیا کہ شاہ رخ خان دوبارہ کردار سنبھالیں گے، تو کبھی اس بات پر بحث ہوئی کہ وہ واقعی ڈان کا تاج رنویر سنگھ کو سونپ چکے ہیں۔ اب نئے زاویے نے فلم کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔